پکاستن تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما اور قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر عمر ایوب خان نے عید الفطر کی نماز اپنے آبائی گاؤں ریحانہ میں ادا کی۔
پنجاب اسمبلی کے اسپیکر ملک محمد احمد خان نے عید کی نماز اپنے آبائی گاؤں کھائی ہٹھاڑ، قصور میں ادا کی۔
چیئرمین سینیٹ یوسف رضا گیلانی نے ملتان میں عید الفطر کی نماز ادا کی۔
وزیراعظم نے لاہور میں عید کی نماز ادا کی، جبکہ ڈیرہ اسماعیل خان میں وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور اور گورنر خیبر پختونخوا فیصؒ کریم کنڈی نے نماز عید کی ادائیگی کی۔
لاڑکانہ میں چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی عید کے موقع پر مزارات پر حاضری
پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ، نثار کھوڑو اور دیگر پارٹی رہنماؤں کے ہمراہ گڑھی خدا بخش بھٹو میں عید کی نماز ادا کی۔
نماز کے بعد بلاول بھٹو زرداری نے شہید ذوالفقار علی بھٹو، شہید محترمہ بینظیر بھٹو، شہید میر مرتضیٰ بھٹو اور شہید میر شاہنواز بھٹو کے مزارات پر حاضری دی اور فاتحہ خوانی کی۔
انہوں نے مادرِ جمہوریت محترمہ نصرت بھٹو کے مزار پر بھی پھول چڑھائے اور شہدائے جمہوریت کے درجات کی بلندی کے لیے دعا کی۔
اس موقع پر بلاول بھٹو زرداری اور وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے ملکی سلامتی، استحکام اور عوام کی خوشحالی کے لیے بھی خصوصی دعائیں کیں۔
جاتی امرا میں نواز شریف اور اہلخانہ کی نماز عید کی ادائیگی
پاکستان مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف اور ان کے اہلخانہ نے نماز عید جاتی امرا میں ادا کی۔ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز بھی اس موقع پر موجود تھیں۔
نماز عید کے بعد نواز شریف اور مریم نواز نے اپنے بزرگان کی قبور پر حاضری دی، جہاں انہوں نے میاں شریف، ان کی اہلیہ، بیگم کلثوم نواز اور عباس شریف کے ایصال ثواب کے لیے فاتحہ خوانی کی اور درجات کی بلندی کی دعائیں مانگیں۔
قبور پر پھول رکھے گئے اور مرحومین کی مغفرت کے لیے خصوصی دعا کی گئی۔ بعد ازاں، نواز شریف اور مریم نواز نے محفلِ میلاد میں بھی شرکت کی۔