’ملک کو محفوظ دیکھنا ہی ہماری عیدی ہے‘: عید کے موقع پر سرحدوں پر تعینات فوجیوں کا قوم کے نام خصوصی پیغام

0 minutes, 0 seconds Read

عیدالفطر کے پرمسرت موقع پر جہاں پورا ملک خوشیوں میں مصروف ہے، وہیں پاک افغان سرحد پر تعینات پاک فوج اور ایف سی کے جوان وطن کے دفاع کے لیے مستعد کھڑے ہیں۔

بلوچستان میں تعینات جوانوں نے قوم کے نام اپنے خصوصی پیغامات میں کہا کہ جنگ ہو یا امن، پاک فوج کے جوان ہر لمحہ ثابت قدمی سے سرحدوں کی حفاظت میں مصروف ہیں۔

سرحد پر تعینات ایک سپاہی نے کہا، ’یہاں گوادر میں ہماری عید سادہ ہے، لیکن ہمیں خوشی ہے کہ ملک کے امن میں ہمارا بھی حصہ ہے۔‘ ایک اور جوان نے جذبات کا اظہار کرتے ہوئے کہا، ’ملک کو محفوظ دیکھنا ہی ہماری عیدی ہے۔‘

قلعہ سیف اللہ میں تعینات سپاہیوں نے کہا کہ وہ اپنے پیاروں سے دور ضرور ہیں لیکن وطن کے دفاع کے لیے ہر لمحہ تیار ہیں۔ ایک سپاہی نے کہا، ’ہمارے حوصلے بلند ہیں اور ہم سرحدوں کی حفاظت کا عہد نبھا رہے ہیں۔‘

سپاہیوں نے مزید کہا کہ ’ہم نے چٹانوں سے سیکھا ہے کہ سخت حالات میں بھی قائم رہنا ہے۔‘ ایک اور جوان نے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا، ’سورج جتنا سخت ہو یا رات جتنی لمبی، ہم وطن کی حفاظت کے لیے ہر دم تیار ہیں۔‘

سپاہیوں نے کہا کہ ماں کے ہاتھ کے کھانے کی یاد آتی ہے مگر ساتھیوں کے ساتھ مل کر کھانے میں بھی ایک الگ خوشی ہے۔ ایک فوجی نے کہا، ’ہماری عید اپنے پیاروں سے دور ہے، مگر وطن کی حفاظت سب سے بڑھ کر ہے۔‘

پاک فوج اور ایف سی کے جوانوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ وہ ہر لمحہ قوم کے دفاع کے لیے سرحدوں پر موجود رہیں گے اور ملک کی سلامتی کے لیے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔

جوانوں کا ایل او سی سے قوم کے لیے خصوصی پیغام

لائن آف کنٹرول (ایل او سی) پر تعینات پاک فوج کے جوانوں نے عید کے موقع پر پوری پاکستانی اور کشمیری قوم کے لیے خصوصی پیغام جاری کیا ہے۔

جوانوں نے قوم کو عید کی دلی مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ وہ اپنی خوشیوں سے زیادہ ملک کی سلامتی کو مقدم رکھتے ہیں اور ہر لمحہ مادرِ وطن کے دفاع کے لیے مستعد کھڑے ہیں۔

پاک فوج کے جوانوں نے اللہ کا شکر ادا کیا کہ انہیں اس عظیم دن پر بھی اپنے وطن کی سرحدوں کی حفاظت کی سعادت حاصل ہو رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ زندگی صرف ایک بار ملتی ہے اور وہ اسے دفاعِ وطن پر قربان کرنے کے لیے ہر دم تیار ہیں۔

جوانوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ پاکستان کو ہمیشہ ترقی، استحکام اور خوشحالی عطا فرمائے اور قوم کو امن و سلامتی نصیب ہو۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ وہ ہر قیمت پر ملک کی سرحدوں کی حفاظت جاری رکھیں گے۔

خیبرپختونخوا کی عوام کا سرحدوں کے محافظوں کو خصوصی عید مبارکباد

خیبرپختونخوا کی عوام نے عید کے موقع پر پاک فوج اور سیکیورٹی فورسز کے جوانوں کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے انہیں خصوصی عید مبارکباد دی ہے۔

عوام کا کہنا ہے کہ خوشی کے اس موقع پر وہ اپنے فوجی بھائیوں کو کیسے بھول سکتے ہیں جو دن رات ملک کی حفاظت کے لیے سرحدوں پر مستعد کھڑے ہیں۔

عوام نے پاک فوج کے جوانوں اور افسران کی قربانیوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ وہ ہماری حفاظت کے لیے اپنی خوشیاں، سکون اور حتیٰ کہ اپنی جانیں تک قربان کر دیتے ہیں۔

خیبرپختونخوا کے شہریوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ ہمیشہ اپنے محافظوں کے ساتھ کھڑے رہیں گے اور ان کی بہادری، قربانیوں اور جانفشانی کو کبھی فراموش نہیں کریں گے۔

Similar Posts