شین وارن کی موت صرف دل کا دورہ نہیں تھی، برطانوی اخبار کا دعویٰ

0 minutes, 0 seconds Read

برطانوی اخبار ”ڈیلی میل“ نے دعویٰ کیا ہے کہ آسٹریلوی لیگ اسپنر شین وارن کی موت کی وجہ صرف دل کا دورہ نہیں تھی، بلکہ مرنے سے پہلے انہوں نے ممکنہ طور پر ممنوعہ دوا استعمال کی تھی۔

رپورٹ کے مطابق، اخبار کو ایک سینیئر تھائی پولیس افسر نے شناخت ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ شین وارن کی موت کے بعد ان کے کمرے سے دوا کی شیشی اوپر کے حکم کی وجہ سے غائب کر دی گئی اور پولیس رپورٹ میں اس کا کوئی ذکر نہیں کیا گیا۔

پولیس افسر نے مزید انکشاف کیا کہ دوا غائب کرانے اور معاملے کی مزید تحقیقات نہ کرانے کا فیصلہ شین وارن کی عزت کی خاطر کیا گیا، جس میں آسٹریلوی حکام کی بھی حمایت شامل تھی۔ اس کے علاوہ، وارن کے آخری وقت میں ان کے ساتھ موجود خواتین سے بھی کوئی پوچھ گچھ نہیں کی گئی۔

پوسٹ مارٹم رپورٹ میں شین وارن کی موت کی وجہ دل کا دورہ لکھی گئی تھی۔ ڈاکٹرز کے مطابق، وارن کا دل کمزور تھا اور وہ دمے میں بھی مبتلا تھے، ایسے میں قوت بخش ممنوعہ دوا ان کے لیے جان لیوا ثابت ہو سکتی تھی۔

واضح رہے کہ 52 سالہ شین وارن 4 مارچ 2022 کو تھائی لینڈ کے ایک عالیشان ولا میں انتقال کر گئے تھے۔

Similar Posts