تفصیلات کے مطابق ریلویز پولیس کی آٹھوں ڈویژنوں میں فزیکل امتحان (جسمانی پیمائش و دوڑ) کا عمل جاری ہے جس دوران لاہور، کراچی، مغلپورہ ورکشاپس اور سکھر میں بھرتی کے لیے فزیکل امتحان میں شریک ہونے والے جعلی اُمیدواروں کو حراست میں لے لیا گیا ہے۔ گرفتار ملزمان نے فزیکل امتحان اور دوڑ میں اصل امیدواروں کی جگہ شریک ہونے کی کوشش کی۔
تمام جعلی اُمیدواروں کو ریکروٹمنٹ کمیٹی کے ممبران نے رول نمبر سلپس کی جانچ پڑتال کے دوران مشکوک پایا اور قصور وار ثابت ہونے پر جعلسازی میں ملوث حقیقی اور جعلی ملزمان کو گرفتار کرکے تھانہ ریلویز پولیس لاہور، مغلپورہ ورکشاپس، لانڈھی اور سکھر میں مقدمات درج کر لیے گئے ہیں۔
لاہور ڈویژن سے محمد رمضان، محمد احسان اور وقاص علی جبکہ مغلپورہ ورکشاپس ڈویژن سے امروز اور محمد اعجاز کو امتحانی مراکز سے گرفتار کیا گیا۔ کراچی ڈویژن سے جعلی اُمیدواران زین، فیاض اور ذوالفقار جبکہ سکھر سے سجاد، عمران، امان اللہ، کمیل رضا اور بلاول کریم کو گرفتار کیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ ملک بھر میں ریلویز پولیس کی 1000 خالی آسامیوں پر بھرتی کا عمل جاری ہے اور فزیکل امتحان میں ریلویز پولیس لاہور اور کراچی ڈویژنز نے 3/3، مغلپورہ ورکشاپس 2 اور سکھر ڈویژن نے 5 جعلی اُمیدواروں کو گرفتار کرکے مقدمات کا اندراج کرلیا ہے۔
آئی جی ریلویز پولیس رائے طاہر (ہلال شجاعت، ستارہ امتیاز) کی ہدایات کے مطابق ڈی آئی جی عبدالرب چودھری کی زیرِ نگرانی ریلویز پولیس میں بھرتی کے عمل کو شفافیت اور میرٹ پر مبنی بنانے کے لئے ریکروٹمنٹ کمیٹی لگن اور محنت سے کام کر رہی ہے جو اس عمل کو 100 فیصد شفاف بنانے میں کوشاں ہے۔