سندھ ہائیکورٹ نے لیاری میں زمین بوس ہونے والی عمارت کے مالکان کی ضمانت منظور کرلی

سندھ ہائیکورٹ نے لیاری بغدادی میں عمارت گرنے سے 27 افراد کے جاں بحق اور 4 افراد کے زخمی ہونے کے مقدمے میں مالکان کی درخواست ضمانت منظور کرلی۔

جسٹس عمر سیال کی سربراہی میں جسٹس حسن اکبر پر مشتمل دو رکنی بینچ نے لیاری بغدادی میں عمارت گرنے سے 27 افراد کے جاں بحق اور 4 افراد کے زخمی ہونے کے مقدمے میں مالکان کی درخواست ضمانت کا فیصلہ سنادیا۔

عدالت نے عمارت کے مالکان رحیم بخش اور تاج محمد کی ضمانت منظور کرتے ہوئے ملزمان کو جیل سے رہا کرنے کا حکم دیدیا، عدالت نے دونوں ملزمان کو 5، 5 لاکھ روپے کے مچلکے جمع کرانے کا حکم بھی دیا۔ سیشن کورٹ نے بلڈنگ مالکان کی درخواست ضمانت مسترد کردی تھی۔

پراسیکیوٹر نے موقف دیا تھا کہ ملزمان ذاتی فائدے کیلئے 27 افراد کی جان جانے کا سبب بنے۔ ملزموں کی غفلت نے معاشرے میں غیریقینی صورتحال پیدا کی۔ ملزمان کی ضمانت مسترد کی جائے۔

ملزمان کے وکیل شوکت حیات ایڈووکیٹ نے موقف دیا تھا کہ پولیس نے عمارت گرنے سے متعلق شواہد کو توڑ مروڑ کر پیش کیا۔ ملزمان ٹرائل کا سامنا کررہے ہیں، ضمانت پر رہا کیا جائے۔

مقدمے میں سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کے 10 افسران کی سیشن کورٹ سے ضمانت ہوچکی ہے۔ ملزمان کیخلاف غفلت، لاپرواہی اور قتل بالسبب کا مقدمہ درج ہے۔

Similar Posts