لندن میں الجزیرہ کے نیوز اسٹوڈیو میں براہ راست نشریات کے دوران چوہے کی انٹری ہوگئی، جس پر خاتون نیوز کاسٹر کچھ لمحوں کے لیے بوکھلا گئیں لیکن چند سیکنڈ میں دوبارہ خبریں پڑھنے لگیں۔
جمعے کو لندن میں الجزیرہ کے نیوز اسٹوڈیو میں اس وقت دلچسپ صورتحال پیدا ہوگئی جب براہِ راست نشریات کے دوران اچانک ایک چوہا نیوز اسٹوڈیو میں داخل ہوگیا۔واقعہ اُس وقت پیش آیا جب خاتون نیوز اینکر بین الاقوامی خبریں پڑھ رہی تھیں۔
اچانک اسٹوڈیو میں ڈیسک پر بھاگتے ہوئے چوہے کو دیکھ کر وہ لمحہ بھر کے لیے گھبرا گئیں اور چند سیکنڈ کے لیے رک گئیں تاہم پیشہ ورانہ مہارت کا مظاہرہ کرتے ہوئے انہوں نے جلدی خود کو سنبھالا اور پھر سے خبریں پڑھنا جاری رکھیں۔
ناظرین نے اس واقعے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر تیزی سے شیئر کی، جس میں اینکر کے چہرے پر حیرانی اور گھبراہٹ صاف دیکھی جا سکتی ہے۔ بہت سے صارفین نے اینکر کی پیشہ ورانہ کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ ’’انہوں نے مشکل صورت حال میں بھی خود پر قابو رکھا۔‘‘
الجزیرہ کے ذرائع کے مطابق واقعے کے بعد اسٹوڈیو کی صفائی اور پیسٹ کنٹرول ٹیم کو طلب کیا گیا تاکہ آئندہ اس نوعیت کے واقعات سے بچا جا سکے۔
سوشل میڈیا پر صارفین نے اس غیر متوقع منظر کو ”لائیو ٹی وی کا حقیقی ڈرامہ“ قرار دیا۔ ایک صارف نے مزاحیہ انداز میں لکھا کہ ”چوہا شاید خبر کا حصہ بننے کے لیے خود چل کر آگیا تھا!“
الجزیرہ کی جانب سے تاحال اس واقعے پر باضابطہ بیان جاری نہیں کیا گیا تاہم اسٹوڈیو میں معمول کی نشریات جلد بحال کر دی گئیں۔