تفصیلات کے مطابق بابو صابو ویسٹ واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹ سی ڈی ڈبلیو پی نے منظور کر لیا ہے۔ منصوبے کے تحت سیوریج واٹر کو صاف کر کے دریائے راوی میں ڈالا جائے گا۔
ترجمان محکمہ ہاؤسنگ نے بتایا کہ منصوبے کے لیے بابو صابو کے مقام پر 836 ایکڑ اراضی سال 1992-93 میں حاصل کی گئی تھی۔ بابو صابو ویسٹ واٹر ٹریٹمنٹ منصوبے کا کل تخمینہ لاگت 52 ارب روپے ہے۔
ترجمان نے بتایا کہ پہلے مرحلے میں کینٹ ڈرین، ملتان روڈ اور گلشن راوی کے سیوریج کو صاف کیا جا سکے گا جس کے لیے منصوبہ فرانس کے ڈونر ادارے اے ایف ڈی کے تعاون سے مکمل کیا جائے گا۔
مزید برآں پہلے مرحلے میں یومیہ 88 ملین گیلن پانی صاف کیا جا سکے گا۔ اس منصوبے کی کل استعداد یومیہ 198 ملین گیلن ہو گی۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ بابو صابو ویسٹ واٹر ٹریٹمنٹ منصوبہ تقریباََ ساڑھے چار سال میں مکمل کیا جائے گا۔ لاہور کا سیوریج، ڈسپوزل سے پہلے مکمل طور پر صاف کرنے کے لیے کل 6 ویسٹ واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹس درکار ہونگے۔