ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق پولیس کی بھاری نفری ڈی پی او راجن پور فاروق امجد کی قیادت میں موقع پر پہنچ گئی ہے جہاں پولیس نے ڈاکوؤں کو گھیرے میں لیا ہوا ہے، پولیس اور ڈاکوؤں کے درمیان شدید فائرنگ کا تبادلہ جاری ہے۔
زخمی پولیس اہلکاروں کانسٹیبل محمود اور ایلیٹ کانسٹیبل ثنا اللہ کو ابتدائی طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے واقعے کا نوٹس لیکر آر پی او ڈی جی خان سے رپورٹ طلب کرلی ہے۔
آئی جی پنجاب نے فرض کی راہ میں شہادت کا رتبہ پانے والے بہادر ایلیٹ اہلکار ناصر میرانی کو خراج عقیدت پیش کیا اور زخمی پولیس اہلکاروں کو علاج معالجے کی بہترین سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت کی ہے۔
آئی جی پنجاب نے کہا کہ ڈی پی او راجن پور فائرنگ میں ملوث ملزمان کی گرفتاری کے لئے تمام وسائل بروئے کار لائیں۔ پنجاب پولیس شہید پولیس کانسٹیبل ناصر میرانی کے اہلخانہ کو تنہا نہیں چھوڑے گی، انکی فلاح و بہبود کا بھرپور خیال رکھا جائیگا۔