افغان وزیر خارجہ کا دورۂ بھارت، ہندو انتہا پسند تنظیم کے پروگرام میں بھی شرکت

افغانستان کے عبوری وزیرخارجہ امیر خان متقی کے دورہ بھارت میں مقبوضہ کشمیر سے متعلق متنازع اعلامیے اور بامیان کی تصویر کے نیچے پریس کانفرس پر تنقید کے بعد ایک اور متنازع اقدام رپورٹ ہوا ہے جہاں دارالعلوم دیوبند کے دورے سے قبل ہندو انتہاپسند تنظیم آر ایس ایس کے ذیلی ادارے کی تقریب میں شرکت کی۔

بھارتی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق افغان عبوری وزیرخارجہ امیر خان متقی نے نئی دہلی میں آر ایس ایس سے منسلک ادارہ ویویکانند انٹرنیشنل فاؤنڈیشن (وی آئی ایف) کے پروگرام میں شرکت کی۔

آر ایس ایس کی چھتری تلے اس ادارے کی بنیاد 2009 میں ویویکانند کیندرا کے زیر سایہ رکھی گئی جو ایک روحانی تنظیم ہے اور اس سے 1970 کی دہائی میں آر ایس ایس کے معروف رہنما ایکناتھ راناڈے نے قائم کیا تھا اور یہ آر ایس ایس سے منسلک ادارہ ہے۔

وی آئی ایف کی اس تقریب میں لوگوں کی بڑی تعداد شریک تھی جہاں خواتین اسکالرز بھی موجود تھیں اور امیر خان متقی نے بھارت سے تعلقات پر بات کی۔

رپورٹ کے مطابق گفتگو میں دونوں ممالک کے اقتصادی، تاریخی، ثقافتی اور تہذیبی تعلقات پر بات کی گئی اور رابندر ناتھ ٹیگور کے کابلی والا کا بھی ذکر کیا گیا۔

Similar Posts