Karachi, North East Pumping Station has been without power for 15 hours, water shortage in several areas

شہر قائد کے نارتھ ایسٹ پمپنگ اسٹیشن پر بجلی کا فالٹ 15 گھنٹے گزرنے کے باوجود تاحال درست نہ کیا جاسکا، جس کے باعث ضلع وسطی اور شرقی کے متعدد علاقوں میں پانی کی فراہمی شدید متاثر ہے۔

واٹر کارپوریشن کے ترجمان کے مطابق، کے الیکٹرک کے فیڈر نمبر 1 پر بجلی کا فالٹ 12 اکتوبر بروز اتوار صبح 11 بجے پیش آیا، جو اب تک بحال نہیں کیا جاسکا۔

اس تکنیکی خرابی کے باعث نارتھ ایسٹ پمپنگ اسٹیشن کے 11 میں سے 4 پمپس جزوی طور پر بند ہیں، جس کے سبب متاثرہ علاقوں میں پانی کی فراہمی بری طرح متاثر ہو رہی ہے۔

ترجمان کا کہنا ہے کہ بجلی کی بندش کو 15 گھنٹے سے زائد کا وقت گزر چکا ہے، تاہم فالٹ کی درستگی میں غیر معمولی تاخیر شہریوں کے لیے پریشانی کا باعث بن رہی ہے۔

متاثرہ علاقوں میں ضلع وسطی اور شرقی کے کئی علاقے شامل ہیں جہاں پانی کی قلت بڑھتی جا رہی ہے۔

واٹر کارپوریشن حکام کے مطابق، کے الیکٹرک انتظامیہ سے مسلسل رابطہ کیا جا رہا ہے تاکہ فالٹ کو جلد از جلد دور کیا جا سکے۔

 ترجمان نے واضح کیا کہ جیسے ہی بجلی کی فراہمی بحال ہوگی، ملحقہ علاقوں میں پانی کی سپلائی فوری طور پر بحال کر دی جائے گی۔

Similar Posts