نیو کراچی کے علاقے شفیق موڑ کے قریب تیز رفتار بس کے بے قابو ہوکر موٹر سائیکل، رکشے اور چھیپا سینٹر سے ٹکرانے کے باعث 3 افراد زخمی ہوگئے، جب کہ بس ڈرائیور موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا۔
چھیپا ویلفیئر کے ترجمان شاہد چھیپا کے مطابق واقعہ اس وقت پیش آیا جب ایک تیز رفتار W11 بس شفیق موڑ کے قریب اچانک بے قابو ہوگئی اور پہلے موٹر سائیکل اور رکشے کو کچلتے ہوئے چھیپا ویلفیئر کے بوتھ سے جا ٹکرائی۔
حادثے کے نتیجے میں موٹر سائیکل اور رکشے میں سوار تین افراد زخمی ہوئے۔ چھیپا حکام کے مطابق زخمیوں کو معمولی نوعیت کی چوٹیں آئیں اور وہ ابتدائی طبی امداد کے بعد اپنی مدد آپ کے تحت گھر روانہ ہوگئے۔
واقعے کے بعد بس ڈرائیور موقع سے فرار ہوگیا۔ پولیس اور متعلقہ حکام نے جائے وقوعہ پر پہنچ کر شواہد جمع کیے اور بس کو قبضے میں لے لیا گیا ہے۔