وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ کا کہنا ہے کہ کاٹلنگ آپریشن میں 17 خارجی ہلاک ہوئے، کسی عام شہری کو نقصان نہیں کوئی پہنچا، کوئی ڈرون حملہ نہیں ہوا۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے پیغام میں وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے کہا ہے کہ کاٹلنگ آپریشن میں 17 خارجی ہلاک ہوئے، کسی عام شہری کو نقصان نہیں پہنچا، اور کوئی ڈرون حملہ نہیں ہوا بلکہ سیکیورٹی فورسز نے کارروائی کی۔
عطا تارڑ نے ایکس پر لکھا کہ آپریشن کی جگہ سے قریبی آبادیاں 6 سے 9 کلومیٹر دور تھیں، وہاں کوئی سولین گھر موجود نہیں تھا۔
وفاقی وزیر اطلاعات کا کہنا ہے کہ مقامی جرگے میں کچھ افراد نے خارجیوں کو سہولت فراہم کرنے کا یقین دلایا تھا، جس کی ویڈیوز بھی موجود ہیں۔

عطا تارڑ نے کہا کہ خارجیوں نے عید پر مردان میں حملے کا اعلان کیا تھا جو اس آپریشن کی وجہ سے ناکام رہا۔ خیبرپختون خوا میں ہزاروں حملے کرنے والوں کی پی ٹی آئی حکومت نے کبھی مذمت نہیں کی۔
انھوں نے مزید کہا کہ جب خارجیوں نے خود پر ڈرون حملے کی غلط خبر پھیلائی تو پی ٹی آئی نے پاک فوج کے خلاف بیانیہ اپنایا اور ان کی دلجوئی کے لیے پہنچ گئی۔ جھوٹی خبریں پھیلانے والے خارجیوں کے سہولت کار ہیں۔
قبل ازیں، مردان کاٹلنگ واقعے سے متعلق مشیر اطلاعات خیبر پختون خوا بیرسٹر سیف کا ویڈیو بیان سامنے آ یا جس میں انھوں نے کہا کہ صوبائی حکومت مستقبل میں ایسی کارروائی کی اجازت نہیں دے گی۔ وزیراعلی نے اس افسوسناک واقعے کے حوالے سے تحقیقات اور حقائق جلد ازجلد سامنے لانے کا حکم دیا ہے، حقائق سامنے آنے کے بعد خیبر پختون خوا حکومت اس حوالے سے بھرپور مؤقف دیں گی۔