لندن کی یونیورسٹی کا یورپی ژالہ باری پر تحقیق کے لیے ’فل فنڈڈ پی ایچ ڈی‘ کی فراہمی کا اعلان
شدید موسمی واقعات اور ان سے جڑے خطرات کو سمجھنے کے لیے دنیا بھر میں سائنسی تحقیق جاری ہے۔ اسی سلسلے میں برطانیہ کی یونیورسٹی کالج لندن (یو سی ایل) نے یورپ میں شدید ژالہ باری کے واقعات پر تحقیق کے لیے مکمل فنڈڈ پی ایچ ڈی اسکالرشپ کا اعلان کیا ہے۔
یہ پی ایچ ڈی پروگرام 2027 کے لیے ہے اور اس میں تحقیق کا مرکز یورپ میں ہونے والی شدید ژالہ باری کے واقعات کی شماریاتی ماڈلنگ اور ان سے وابستہ خطرات کا جائزہ لینا ہوگا۔
پروجیکٹ کا عنوان ’اسٹیٹیکل ماڈل فار ایکسٹریم یورپئین ہیئل ایونٹ وِد چیلنجنگ ڈیٹا اسٹرکچر‘ ہے، جس کے تحت محقق پیچیدہ یا محدود ڈیٹا کی صورت میں شدید ژالہ باری کے امکانات، شدت اور ان سے متعلق غیر یقینی صورتحال کا مطالعہ کرے گا۔
یہ طلبہ وظیفہ یو سی ایل کے ڈیپارٹمنٹ آف اسٹیٹسٹیکل سائنس میں دیا جائے گا اور نیرک سینٹر فار ڈاکٹریل ٹریننگ اِن انڈرسٹینڈنگ اَن سرٹینٹی ٹو ریڈیوس کلائمیٹ رسکس کا حصہ ہے۔
تحقیق کا ایک اہم پہلو یہ سمجھنا ہوگا کہ نایاب اور شدید ژالہ باری جیسے موسمی واقعات کے بارے میں دستیاب ڈیٹا، کس طرح خطرات کے اندازوں کو متاثر کرتا ہے۔ چونکہ ایسے شدید واقعات نسبتاً کم رونما ہوتے ہیں، اس لیے ان کے امکانات اور ممکنہ نقصانات کا درست اندازہ لگانا ایک مشکل شماریاتی مسئلہ ہے۔
پی ایچ ڈی کے دوران محقق جدید شماریاتی طریقوں کو استعمال اور تیار کرے گا تاکہ شدید ژالہ باری کے واقعات سے متعلق خطرات اور ان کے اندازوں میں موجود غیر یقینی صورتحال کو بہتر طور پر سمجھا جاسکے۔ اس تحقیق کا تعلق موسمیاتی خطرات، شماریاتی سائنس، ڈیٹا کے تجزیے اور انتہائی موسمی واقعات کے مطالعے سے ہوگا۔
یہ پروگرام ”انڈرسٹینڈنگ اَن سرٹینٹی ٹو ریڈیوس کلائمیٹ رسکس“ کے وسیع تر تحقیقی فریم ورک کا حصہ ہے، جو موسمیاتی خطرات سے متعلق غیر یقینی صورتحال کو سمجھنے پر توجہ دیتا ہے۔ پروگرام میں موسمیاتی سائنس، ڈیٹا سائنس اور فیصلہ سازی سمیت مختلف شعبوں میں بین الشعبہ جاتی تربیت بھی فراہم کی جاتی ہے۔
اس اسکالرشپ میں کامیاب امیدوار کی ٹیوشن فیس مکمل طور پر کور کی جائے گی جبکہ رہائش اور دیگر اخراجات کے لیے لِونگ الاؤنس بھی فراہم کیا جائے گا۔ اس کے علاوہ تحقیق اور تربیتی سرگرمیوں کے لیے 6 ہزار برطانوی پاؤنڈ کا ریسرچ گرانٹ بھی شامل ہے۔
اس موقع کے لیے بین الاقوامی طلبہ بھی درخواست دے سکتے ہیں اور فراہم کردہ معلومات کے مطابق پاکستان سے تعلق رکھنے والے امیدوار بھی اہل ہیں۔ امیدواروں کے لیے شماریاتی سائنس، موسمیاتی خطرات، انتہائی موسمی حالات، مقداری طریقوں اور ڈیٹا اینالیسس جیسے شعبوں میں دلچسپی یا تعلیمی پس منظر موزوں ہوگا۔ اسکالرشپ کی معلومات میں 3.3 جی پی اے بھی درج کیا گیا ہے، تاہم امیدواروں کو پی ایچ ڈی پروگرام کی دیگر تعلیمی اور داخلہ شرائط بھی پوری کرنا ہوں گی۔
انگریزی زبان کے لیے آئیلٹس (IELTS) میں کم از کم 6.5، ٹوفل آئی بی ٹی میں 92، پی ٹی ای اکیڈمک میں 59، کیمبرج C1 ایڈوانسڈ میں 176 یا کیمبرج C2 پروفیشنسی میں 176 اسکور درکار ہے۔
درخواست کے لیے امیدواروں کو تعلیمی ٹرانسکرپٹس، ڈگری سرٹیفکیٹس، مضمون یا سپورٹنگ اسٹیٹمنٹ اور ایک سے دو سفارشی خطوط سمیت مطلوبہ دستاویزات تیار کرنا ہوں گی۔ داخلے اور تحقیقی منصوبے کی حتمی شرائط کے مطابق مزید دستاویزات بھی طلب کی جاسکتی ہیں۔
منتخب امیدوار کو شدید یورپی ژالہ باری کے واقعات کے لیے شماریاتی طریقوں پر کام کرنے کے ساتھ موسمیاتی خطرات کے تجزیے میں مہارت حاصل کرنے کا موقع ملے گا۔ انڈرسٹینڈنگ اَن سرٹینٹی ٹو ریڈیوس کلائمیٹ رسکس کے تحت اسے شماریات، موسمیاتی سائنس، ڈیٹا سائنس اور غیر یقینی صورتحال میں فیصلہ سازی کے مختلف پہلوؤں میں تربیت بھی دی جائے گی۔
اس پی ایچ ڈی پروگرام کے لیے درخواست جمع کرانے کی آخری تاریخ 13 جنوری 2027 ہے، جبکہ کامیاب امیدوار کی تعلیم اکتوبر 2027 میں شروع ہونے کی توقع ہے۔ امیدواروں کو مقررہ تاریخ سے پہلے آن لائن درخواست کا عمل مکمل کرنا ہوگا اور تمام مطلوبہ تعلیمی و معاون دستاویزات جمع کرانی ہوں گی۔