عید الفطر پر تیز رفتاری اور لاپرواہی سے کئی گھر اجڑ گئے، ملک بھر میں مختلف ٹریفک حادثات میں 19 افراد لقمہ اجل بن گئے جبکہ کئی افراد زخمی بھی ہوئے۔
رات گئے سرگودھا میں سلانوالی روڈ پر تیز ر فتار رکشے نے موٹر سائیکل کو ٹکر ماردی، حادثےمیں 8 سالہ بچی سمیت 2 افراد جاں بحق اور 5 زخمی ہوگئے جبکہ لاشوں اور زخمیوں کو اسپتال منتقل کردیا گیا۔
لاہور میں جناح انڈر پاس پر موٹر سائیکل کھمبے میں جا گھسی، جس کے نتیجے میں 2 نوجوان جان گنوا بیٹھے۔
سندھ کے شہر ٹنڈو الہیار میں تیز رفتار کار نہر میں گرنے سے 4 افراد ڈوب کر جاں بحق ہوگئے، اسی طرح رینالہ خورد میں گاڑی کی موٹر سائیکل کو ٹکر سے 2 خواتین سمیت 3 افراد جاں بحق ہوگئے۔
قمبر شہداد کوٹ؛ 2 موٹر سائیکلوں میں تصادم، حادثے میں ماں بیٹی جاں بحق
اس کے علاوہ قمبر شہداد کوٹ، میرپور ساکرو، حافظ آباد میں موٹرسائیکلوں کی ٹکر کے باعث 8 جانیں لے گئی۔
دوسری جانب اسلام آباد میں کلب روڈ پر ٹریفک حادثے میں متعدد افراد زخمی ہوگئے۔
ذرائع کے مطابق 4 زخمیوں کی حالت تشویشناک ہے، زخمیوں میں 6 ماہ کا بچہ بھی شامل ہے جبکہ زخمیوں کو اسپتال منتقل کر دیا گیا۔
خیبرپختونخوا کے ضلع ہری پور میں 3 مختلف حادثات میں 9 افراد زخمی ہوگئے۔
ہری پور تربیلہ روڈ اور کچھی روڈ پر موٹر سائیکل حادثات سے 4 افراد زخمی ہوگئے جبکہ ہری پور ڈھینڈا روڈ پر تیز رفتار رکشہ الٹنے سے خواتین اور بچوں سمیت 5 افراد زخمی ہوگئے، زخمی افراد کو ٹراما سنٹر منتقل کر دیا گیا۔