پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے شائقین کے لیے خوشخبری ہے کہ ایچ بی ایل پی ایس ایل سیزن 10 کے آفیشل اینتھم کا ٹیزر جاری کر دیا گیا۔
کرکٹ کے دیوانوں کے انتظار کی گھڑیاں اب ختم ہونے کے قریب ہیں کیونکہ پاکستان کا سب سے بڑا کرکٹ میلا سجنے کو تیار ہے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے پی ایس ایل 10 کے اینتھم کا آفیشل ٹیزر جاری کیا جس میں ملک کے نامور گلوکار ایک بار پھر اپنی شاندار صلاحیتوں کا مظاہرہ کریں گے۔
آفیشل اینتھم میں علی ظفر اپنی آواز کا جادو جگائیں گے جبکہ ان کے ساتھ معروف گلوکار ابرار الحق، ابھرتی ہوئی گلوکارہ نتاشہ بیگ اور نوجوان ریپر طلحہ انجم بھی اپنی آوازوں سے شائقین کو محظوظ کریں گے۔
پی ایس ایل 10 کا آغاز کب اور میچز کہاں کھیلے جائیں گے؟ تاریخ اور وینیو سامنے آگئے
پی سی بی کے مطابق پی ایس ایل 10 کے آفیشل اینتھم کو جلد مکمل ریلیز کیا جائے گا جس کا کرکٹ کے دیوانے بے چینی سے انتظار کر رہے ہیں۔
یاد رہے کہ ایچ بی ایل پی ایس ایل سیزن 10 کا آغاز 11 اپریل سے ہونے جا رہا ہے، جس میں پاکستان اور دنیائے کرکٹ کے کئی نامور کھلاڑی اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کریں گے۔