ہم سب نے کبھی نہ کبھی انرجی ڈرنکس کا استعمال کیا ہے۔ چاہے وہ کام کے طویل اوقات سے نمٹنے کے لیے ہو یا رات بھر پڑھائی کرنے کے لیے، انرجی ڈرنکس ہمیشہ آپ کو فوری توانائی فراہم کرتے ہیں۔
بہت سے فٹنس کے شوقین افراد ورزش کے دوران بھی انرجی ڈرنکس کا استعمال کرتے ہیں تاکہ اپنی کارکردگی کو بہتر بنا سکیں۔ لیکن کیا آپ جانتے ہیں کہ یہ انرجی ڈرنکس آپ کی صحت، خاص طور پر آپ کے بالوں کے لیے نقصان دہ ہو سکتے ہیں؟
کیا آپ جانتے ہیں کہ تولیے پر یہ لکیریں کیوں ہوتی ہیں؟
دنیا بھر میں کئی تحقیقات نے یہ ظاہر کیا ہے کہ انرجی ڈرنکس، جو فوری طور پر کیفین اور شوگر فراہم کرتے ہیں، کچھ پریشان کن ضمنی اثرات سے جڑے ہوتے ہیں۔
آئیے جانتے ہیں کہ یہ انرجی ڈرنکس آپ کے بالوں کی صحت کو کس طرح متاثر کر سکتے ہیں
انرجی ڈرنکس اور بالوں کے گرنے کا تعلق
انرجی ڈرنکس میں کیفین، شوگر، امینو ایسڈز اور مختلف غذائی سپلیمنٹس شامل ہوتے ہیں، جو بالوں کی صحت پر منفی اثرات ڈال سکتے ہیں۔
نیوٹریئنٹس نامی جریدے میں شائع ہونے والی تحقیق کے مطابق کیفین اور شوگر کا زیادہ استعمال جسم میں ہارمونز کے توازن کو متاثر کرتا ہے، جس سے بالوں کا گرنا شروع ہو سکتا ہے، خاص طور پر مردوں میں۔
سنگھوا یونیورسٹی، بیجنگ کے ماہرین کی تحقیق کے مطابق، ”انرجی ڈرنکس کا زیادہ استعمال مردوں میں گنجے پن کے خطرے کو 30 فیصد تک بڑھا سکتا ہے“۔
کیفین اور بالوں کے گرنے کا تعلق
کیفین انرجی ڈرنکس کا ایک اہم جزو ہے جو آپ کو دیر تک متحرک رکھتا ہے۔ ماہرین صحت کے مطابق، کیفین انسولین کی سطح کو بڑھا سکتی ہے، جو کہ ڈی ایچ ٹی (ڈائی ہائیڈروٹیسٹوسٹیرون) ہارمون کی پیداوار کو بڑھاتا ہے، جو بالوں کے گرنے کا ایک اہم سبب ہے۔
شوگر اور بالوں کے گرنے کا تعلق
ماہرین غذائیت بتاتے ہیں کہ دنیا بھرمیں کی جانے والی تحقیق سے یہ ثابت ہوا ہے کہ شوگر اور بہتر کاربوہائیڈریٹس کا زیادہ استعمال انسولین کی مزاحمت کو بڑھاتا ہے، جو بالوں کے گرنے کا سبب بن سکتا ہے۔ انسولین کی مزاحمت ذیابیطس اورموٹاپے کی طرف بھی لے جا سکتی ہے، اور یہ دونوں عوامل بالوں کے مسائل پیدا کرتے ہیں۔
تناؤ اور بالوں کے گرنے کا تعلق
ماہرین غذائیت کے مطابق، ”تناؤ بالوں کے گرنے کا ایک اہم سبب ہے۔“ ضرورت سے زیادہ کیفین کا استعمال جسم میں کورٹیسول (اسٹریس ہارمون) کی سطح بڑھا سکتا ہے، جس سے بے چینی، پانی کی کمی اور دائمی تناؤ پیدا ہوتا ہے۔
کئی تحقیقوں میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ دائمی تناؤ بالوں کے گرنے کا باعث بنتا ہے، کیونکہ کورٹیسول بالوں کی نشوونما کے عمل میں مداخلت کرتا ہے۔
قدرتی مشروبات جو بغیر کسی سائیڈ ایفیکٹ کے آپ کو توانائی دیتے ہیں
ناریل کا پانی
ناریل کا پانی ایک مشہور قدرتی انرجی ڈرنک ہے جو الیکٹرولائٹس سے بھرپور ہوتا ہے اور آپ کو ہائیڈریٹ رہنے میں مدد دیتا ہے۔ اس میں کیلوریز اور چکنائی کم ہوتی ہے، جس سے یہ ایک صحت مند مشروب بنتا ہے جو آپ کو توانائی فراہم کرتا ہے۔
کومبوچا
کومبوچا ایک قدرتی طور پر تیار کردہ چائے کا مشروب ہے جو چائے کی پتیوں، چینی اور ایک خاص قسم کے بیکٹیریا اور خمیر (yeast) کے ذریعے تیار کیا جاتا ہے۔
کومبوچا میں قدرتی کیفین ہوتی ہے جو آپ کو توانائی فراہم کرتی ہے۔ اس کے علاوہ، اس کا ابال کا عمل پروبائیوٹکس اور وٹامنز کو بڑھاتا ہے، جو ہاضمہ کی صحت میں مددگار ثابت ہوتے ہیں اور آپ کے جسم کے دیگر افعال کو بہتر بناتے ہیں۔
ستو شربت
ستو شربت ایک روایتی مشروب ہے جو آپ کو کاربوہائیڈریٹس، پروٹینز اور معدنیات فراہم کرتا ہے، جو جسم میں گلائکوجن اسٹورز کو بھرنے میں مدد کرتے ہیں۔ اس میں کم سوڈیم اور گلوٹین فری خصوصیات ہیں، جو آپ کے جسم سے زہریلے مادوں کو صاف کرنے میں مدد دیتی ہیں۔
کولڈ پریسڈ فروٹ جوس
کولڈ پریسڈ فروٹ جوس میں قدرتی شکر، وٹامنز اور معدنیات ہوتے ہیں جو آپ کے جسم کو فوری توانائی فراہم کرتے ہیں۔ کولڈ پریسڈ فروٹ جوس ایک قسم کا قدرتی جوس ہے جس میں گرمائش یا زیادہ دباؤ کا استعمال نہیں کیا جاتا۔
اس طریقے میں، پھلوں کو مشین کے ذریعے آہستہ آہستہ دبا کر جوس نکالا جاتا ہے، جس سے پھلوں کے غذائی اجزاء، وٹامنز اور خامرے زیادہ بہتر طریقے سے محفوظ رہتے ہیں اور یہ آپ کی صحت کے لیے بہترین آپشن بنتا ہے۔
یہ قدرتی مشروبات نہ صرف آپ کو توانائی فراہم کرتے ہیں، بلکہ ان کے کوئی منفی اثرات بھی نہیں ہوتے، اس لیے آپ انہیں اپنی روزمرہ کی غذا میں شامل کر سکتے ہیں۔