نازیہ حسن کے بیٹے اریز حسن کہاں ہیں اور کیا کرتے ہیں؟

پاکستان کی لیجنڈری پاپ گلوکارہ نازیہ حسن کے مداح آج بھی ان کی خوبصورت آواز اور لازوال گانوں کو یاد کرتے ہیں۔ نازیہ حسن کا مشہور گانا ”آپ جیسا کوئی میری زندگی میں آئے“ پورے برصغیر میں بہت مقبول ہوا تھا، جس کے بعد وہ راتوں رات سپر سٹار بن گئیں۔ ان کے گانے آج بھی لوگوں میں مقبول ہیں، لیکن ان کے بیٹے اریز حسن کی زندگی کے بارے میں بہت کم لوگ جانتے ہیں۔ اریز نے اپنی والدہ کی شہرت سے دور رہتے ہوئے تعلیم حاصل کی اور قانون کے شعبے میں اپنا کیریئر بنایا۔

نازیہ حسن نے 1980 کی دہائی میں گلوکاری کے میدان میں قدم رکھا تھا۔ ان کی زندگی میں خوشیاں بھی آئیں اور دکھ بھی۔ انہوں نے 23مارچ 1995 کو کراچی میں کاروباری شخصیت مرزا اشتیاق بیگ سے شادی کی۔ اس شادی کے دو سال بعد 7 اپریل 1997 کو ان کے ہاں بیٹے اریز حسن کی پیدائش ہوئی۔

تاہم، ان کی خوشیوں کو اس وقت بڑا دھچکا لگا جب نازیہ حسن پھیپھڑوں کے کینسر میں مبتلا ہوگئیں۔ بیماری کے دوران ہی ان کی طلاق بھی ہو گئی تھی۔ طویل علالت کے بعد 13 اگست 2000 کو لندن میں صرف 35 برس کی عمر میں ان کا انتقال ہوگیا۔

جب نازیہ حسن کا انتقال ہوا تو ان کے بیٹے اریز حسن کی عمر صرف تین سال تھی۔ ماں کے انتقال کے بعد اریز کو میڈیا کی چکاچوند سے دور رکھا گیا اور وہ لندن میں اپنے نانا نانی کی دیکھ بھال میں بڑے ہوئے۔

اریز حسن نے اپنی پڑھائی پر پوری توجہ دی اور لندن کے مشہور کنگز کالج سے گریجویشن مکمل کرنے کے بعد قانون یعنی لاء کی تعلیم حاصل کی۔

آج اریز حسن 29 سال کے ہو چکے ہیں اور ایک کامیاب وکیل کے طور پر اپنا پیشہ ورانہ سفر جاری رکھے ہوئے ہیں۔

اگرچہ ان کی والدہ پاکستان اور بھارت کی بہت بڑی اسٹار تھیں، لیکن اریز حسن نے ہمیشہ اپنی ذاتی زندگی کو شہرت اور میڈیا کی روشنی سے دور رکھا ہے۔ ان کی حالیہ تصاویر سامنے آنے کے باوجود وہ شوبز کی دنیا سے دور ہیں۔

نازیہ حسن کی زندگی مختصر ضرور رہی، لیکن ان کی موسیقی آج بھی انہیں مداحوں کے درمیان زندہ رکھے ہوئے ہے۔ دوسری جانب، ان کے بیٹے اریز حسن نے اپنے خاندان کے نام یا شہرت کا سہارا لینے کے بجائے اپنی محنت سے اپنی الگ پہچان بنائی ہے اور قانون کے شعبے میں اپنا ایک مقام حاصل کیا ہے۔

Related posts