نانا پاٹیکر کی موت پر پاکستانی کرکٹرز اور فنکار بھی غمزدہ، خراج عقیدت پیش کردیا

بولی ووڈ کے سینئر اداکار نانا پاٹیکر کے انتقال پر پاکستانی کرکٹرز اور شوبز فنکاروں نے بھی گہرے دکھ کا اظہار کیا ہے۔

سابق پاکستانی کرکٹر باسط علی نے ایک ویڈیو پیغام میں نانا پاٹیکر کے ساتھ اپنی پرانی دوستی کو یاد کرتے ہوئے بتایا کہ نانا پاٹیکر صرف پردۂ اسکرین کے بڑے فنکار نہیں تھے بلکہ حقیقی زندگی میں بھی نہایت محبت کرنے والے انسان تھے۔

انہوں نے بتایا کہ نانا پاٹیکر ان کی والدہ کی بیماری کے دوران باقاعدگی سے فون کرتے اور ان کی خیریت دریافت کرتے تھے۔ والدہ کے انتقال کے بعد بھی اداکار نے باسط علی کو حوصلہ دیا۔ باسط علی نے کہا کہ نانا پاٹیکر کے مداح صرف بھارت ہی نہیں بلکہ پاکستان سمیت دنیا بھر میں موجود ہیں۔

باسط علی نے بتایا کہ جب انہیں دل کی تکلیف ہوئی اور اسٹنٹ ڈلوایا گیا تو نانا پاٹیکر نے ان کی صحت کے بارے میں پوچھنے کے لیے میسیج بھیجا تھا۔

سابق کرکٹر نے کہا کہ نانا پاٹیکر کی محبت اور شفقت ان کے لیے بہت معنی رکھتی تھی۔ وہ ان کے ساتھ فلموں کے مختلف مناظر پر بھی گفتگو کرتے تھے اور اداکار کبھی مذاق میں انہیں کہتے، ’’چپ کرو، تمہیں کیا پتا؟‘‘

باسط علی نے کہا کہ انہیں اب بھی یقین نہیں آ رہا کہ نانا پاٹیکر دنیا سے رخصت ہو گئے ہیں۔ ان کے بقول، اداکار اپنی عمر سے کہیں کم دکھائی دیتے تھے اور وہ انہیں مذاق میں ’’ینگ مین‘‘ کہہ کر پکارتے تھے۔

پاکستانی کرکٹر عمر اکمل نے بھی نانا پاٹیکر کے انتقال پر تعزیتی پیغام شیئر کیا۔ انہوں نے اداکار کی تصویر پوسٹ کرتے ہوئے لکھا، ’ان کا کام ختم ہوگیا لیکن ان کی چھوڑی ہوئی یادیں آنے والی نسلوں تک زندہ رہیں گی۔ سر، آپ کی کمی محسوس ہوگی۔‘

پاکستانی اداکارہ حرا مانی نے سوشل میڈیا پر اپنے پیغام میں نانا پاٹیکر کو الوداع کہتے ہوئے لکھا، ’گڈ بائے پاٹیکر‘۔

اداکار فہد شیخ، زباب رعنا اور نوید رضا نے بھی نانا پاٹیکر کے انتقال کی خبر سامنے آنے کے بعد انہیں ایک عظیم اداکار قرار دیتے ہوئے خراجِ تحسین پیش کیا۔

واضح رہے کہ نانا پاٹیکر 8 اکتوبر کو بھارتی ریاست گوا میں دل کا دورہ پڑنے کے بعد انتقال کر گئے تھے۔ ان کی عمر 75 برس تھی۔ ان کی آخری رسومات پونے کے قریب واقع ان کے فارم ہاؤس میں سرکاری اعزاز کے ساتھ ادا کی گئیں۔

Related posts