ترجمان کے مطابق ایف آئی اے اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل اسلام آباد نے ایک کارروائی کرتے ہوئے کروڑوں روپے کے ویزا فراڈ میں ملوث بدنام زمانہ انسانی سمگلر کو گرفتار کرلیا۔
ملزم رضوان عرف شاہ کو اسلام آباد سے گرفتار کیا گیا ہے، جس کے قبضے سے متعدد جعلی دستاویزات اور پاسپورٹ بر آمد کر لیے گئے ہیں۔ ملزم ایف آئی اے کو متعدد مقدمات میں مطلوب تھا۔
ملزم نے کینیڈا میں ملازمت کا جھانسا دے کر متعدد لوگوں سے کروڑوں روپے ہتھیائے۔ ملزم نے مہربان انٹرپرائز کے نام سے اسلام آباد میں جعلی کمپنی بنا رکھی تھی۔ ملزم نے شکایت کنندہ کو کینیڈا ملازمت کا جھانسا دے کر ایک کروڑ 32 لاکھ روپے ہتھیائے، جس کی شکایت پر کارروائی عمل میں لائی گئی ہے۔
ملزم کو گرفتار کر کے تفتیش کا آغاز کر دیا گیا ہے ۔
ترجمان کے مطابق ڈی جی ایف آئی اے رفعت مختار کی ہدایات پر انسانی سمگلنگ میں ملوث ملزمان کے خلاف کریک ڈاؤن جاری ہے ۔ اس دوران دیگر ملزمان کی گرفتاری کے لیے بھی تمام تر وسائل کو بروئے کار لایا جا رہا ہے۔