بھارتی ایوارڈ یافتہ صحافی نے بی سی سی آئی کو کرکٹ کی تباہی کا ذمہ دار قرار دے دیا

بھارت میں ایوارڈ یافتہ خاتون صحافی شاردا اگرا نے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) اور خاص طور پر بورڈ آف کنٹرول فار کرکٹ ان انڈیا (BCCI) پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ کرکٹ کی تباہی کا مرکزی سبب بی سی سی آئی ہے۔

شاردا اگرا نے کہا کہ موجودہ ٹی 20 ورلڈ کپ کے تنازعے کو بے انتظامی اور غیر سنجیدگی سے ہینڈل کیا گیا جس سے کھیل کی ساکھ متاثر ہوئی ہے۔ ان کے مطابق آئی سی سی کا ہیڈکوارٹر آج دراصل بی سی سی آئی کا دبئی آفس بن چکا ہے اور ایگزیکٹو بورڈ وہی فیصلہ کرتا ہے جو بی سی سی آئی چاہتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ بنگلہ دیش کو بھارت میں میچ کھیلنے سے روکنے اور اس کے ورلڈ کپ سے باہر ہونے کا معاملہ بے حد بدانتظامی کے ساتھ نمٹا گیا اور اسی وجہ سے آئی سی سی کی ساکھ کو نقصان پہنچا ہے۔

شاردا اگرا نے مزید کہا کہ پاکستان کے ورلڈ کپ سے دستبردار ہونے کے امکان سے آئی سی سی کو مالی نقصان ہوگا کیونکہ پاک بھارت میچ سے سب سے زیادہ آمدنی حاصل ہوتی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان نے ماضی میں بھارت کے رویوں کا جواب دیا ہے اور بی سی سی آئی بھارت کے حکمرانوں سے جڑی ہوئی ہے۔

انہوں نے نشاندہی کی کہ جامع قوانین اور شفافیت کے فقدان کی وجہ سے کھیل سیاسی تنازعات کی نذر ہو رہا ہے اور بین الاقوامی کرکٹ باڈی اب سنجیدہ کھیل تنظیم نہیں رہی۔

شاردا اگرا نے یہ بھی دعویٰ کیا کہ انگلینڈ اور آسٹریلیا کے کرکٹ بورڈز بھی بی سی سی آئی کے سہولت کاربن چکے ہیں اور آئی سی سی میں فیصلہ سازی میں بھارت کا مالی اثر و رسوخ واضح طور پر نظر آتا ہے۔

Similar Posts