گلگت بلتستان میں منی لانڈرنگ کے ریفرنسز براہ راست ایف آئی اے کو بھجوائے جائینگے

گلگت بلتستان میں منی لانڈرنگ کے ریفرنسز براہ راست ایف آئی اے کو بھجوائے جائینگے، اس حوالے سے  معاہدہ طے پا گیا۔

ایف آئی اے اور گلگت بلتستان پولیس کے درمیان باہمی تعاون کے فروغ کے لیے مفاہمتی یادداشت (ایم او یو) پر دستخط  کردیے گئے۔ ایف آئی اے کے ایڈیشنل ڈی جی اینٹی منی لانڈرنگ اکبر ناصر خان اور آئی جی گلگت بلتستان افضل محمود بٹ نے ایم او یو پر دستخط کیے۔

ایم او یو کے تحت گلگت بلتستان پولیس منی لانڈرنگ سے متعلق تمام ریفرنسز براہ راست ایف آئی اے اینٹی منی لانڈرنگ ونگ کو بھجوائے گی۔ اس سلسلے میں مزید بتایا گیا ہے کہ گلگت بلتستان پولیس کار لفٹنگ، اغوا، مالیاتی فراڈ اور دیگر سنگین جرائم میں منی لانڈرنگ کے عنصر کی تفتیش کے تمام ریفرنسز ایف آئی اے کو ارسال کرے گی۔

ایف آئی اے اور گلگت بلتستان پولیس کے مابین یہ معاہدہ تحقیقات کے عمل کو بروقت، شفاف اور پیشہ ورانہ انداز میں آگے بڑھانے میں مددگار ثابت ہوگا۔ اس اقدام سے جرائم کی مالی ٹریل کو جانچنے اور غیر قانونی مالیاتی بہاؤ کو روکنے میں نمایاں پیش رفت ممکن ہوگی۔

یہ اقدام ملک میں مالیاتی شفافیت کے فروغ اور منی لانڈرنگ کی روک تھام کے لیے ایف آئی اے کی منظم کوششوں کا مظہر ہے۔

ایف آئی اے اینٹی منی لانڈرنگ ونگ گلگت بلتستان پولیس کے افسران کو منی لانڈرنگ تحقیقات اور جدید تحقیقاتی طریقہ کار پر خصوصی تربیت بھی فراہم کرے گا۔ اس ٹریننگ میں ریفرل سسٹم، کیس مینجمنٹ اور مالیاتی تجزیے کے جدید تقاضوں پر خصوصی توجہ دی جائے گی۔ مشترکہ تربیت سے قانون نافذ کرنے والے اداروں کے درمیان معلومات کے تبادلے اور تعاون کو مزید مضبوط بنایا جائے گا۔

ترجمان کے مطابق ایف آئی اے منی لانڈرنگ کے خلاف قومی سطح پر ادارہ جاتی ہم آہنگی بڑھانے کے لیے کوشاں ہے۔ یہ کاوشیں فنانشل ایکشن ٹاسک فورس (FATF) کی ہدایات اور بین الاقوامی معیار کے مطابق ہیں۔

Similar Posts