محکمہ تعلیم کے مطابق صوبہ بھر کے سرکاری اور نجی اسکولوں میں طلبا و طالبات کی سلامتی اور تحفظ کے لیے نئی ایڈوائزری جاری کر دی ہے، جس کے تحت اسکول آنے والے تمام طلباو طالبات کے حفظ ماتقدم کے طور پر اسکول بیگز کی روزانہ چیکنگ لازمی قرار دے دی گئی ہے۔
اس حوالے سے بتایا گیا کہ تمام سرکاری پرائیویٹ تعلیمی اداروں میں سی سی ٹی وی کیمرے لازمی قرار دے دیے گئے ہیں۔
محکمہ تعلیم نے سیکیورٹی خطرات کے باعث صوبہ بھر میں سرکاری اور پرائیویٹ اسکولوں کی سیکیورٹی نظام فول پروف بنانے کے احکامات جاری کیے ہیں اور اس کے تحت چوکیدار اور سیکیورٹی گارڈز چیکنگ کے لیے میٹل ڈیٹیکٹرز استعمال کریں گے۔
محکمہ تعلیم نے بتایا کہ طلبہ، اساتذہ اور عملے کو سیکیورٹی کی اہمیت سے آگاہ کیا جائے گا، اسکولوں میں پستول، بندوقیں، چھریاں اور قینچیاں لانے پر پابندی عائد کر دی گئی ہے۔
مزید بتایا گیا کہ تمام اسکولوں میں سیکورٹی الارم نظام فوری فعال کرنے کا بھی حکم جاری کیا گیا ہے۔