اسموگ نگرانی اور پیشگی نظام کی تازہ رپورٹ کے مطابق لاہور میں فضائی آلودگی کی صورتحال آج دوپہر 12 بجے تک تشویشناک حد تک پہنچنے کا امکان ظاہر کیا گیا تھا۔ محکمہ ماحولیات کے مطابق بھارت سے چلنے والی آلودہ مشرقی ہواؤں کے باعث لاہور کا ایئر کوالٹی انڈیکس (AQI) 185 تک رہنے کی پیش گوئی کی گئی ہے، جو انسانی صحت کے لیے نقصان دہ ہے۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ بھارت میں دیوالی کی تقریبات کے دوران شام کے اوقات میں فضائی آلودگی میں عارضی اضافہ متوقع ہے، تاہم ای پی اے کی جانب سے لاہور کی فضائی کیفیت کی مسلسل نگرانی جاری ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق شہر کا درجہ حرارت 32 ڈگری سینٹی گریڈ تک جا سکتا ہے جب کہ ہواؤں کی رفتار 6 کلومیٹر فی گھنٹہ رہنے کا امکان ہے، جس میں وقفے وقفے سے معمولی تبدیلی دیکھی جا سکتی ہے۔
شہر میں بارش کے کوئی امکانات نہیں ہیں جس کے باعث قدرتی طور پر آلودگی میں کمی کا امکان بھی نہ ہونے کے برابر ہے۔ رپورٹ کے مطابق کم رفتار ہوائیں، فضائی دباؤ اور درجہ حرارت میں تبدیلی اے کیو آئی میں اضافے کی بنیادی وجوہات ہیں جب کہ بعض علاقوں میں آلودگی کے عارضی پیچز بھی ریکارڈ کیے گئے ہیں۔
متعلقہ محکموں اور ماہرین نے شہریوں پر زور دیا ہے کہ وہ دھوئیں یا آلودگی کے کسی بھی غیر معمولی اخراج کو فوری طور پر 1373 پر رپورٹ کریں۔ ترجمان کے مطابق ای پی اے مکمل طور پر انسدادِ اسموگ ایکشن پلان پر عملدرآمد یقینی بنا رہا ہے۔