ترجمان دفترخارجہ کے مطابق پاکستان نے غیر وابستہ ممالک کی تحریک کے 19ویں وسط مدتی وزارتی اجلاس میں شرکت کی جو 15 اور 16 اکتوبر 2025 کو یوگنڈا کے دارالحکومت کمپالا میں منعقد ہوا اور اس کا موضوع “مشترکہ عالمی خوش حالی کے لیے تعاون کو فروغ دینا” تھا۔
ترجمان دفترخارجہ نے بتایا کہ اجلاس سے قبل 13 اور 14 اکتوبر کو سینئر حکام کا اجلاس بھی منعقد ہوا، پاکستانی وفد کی قیادت وزارت خارجہ کے اسپیشل سیکریٹری (اقوام متحدہ) نبیل منیر نے کی اور انہوں نے وزارتی اجلاس کے عمومی اجلاس میں پاکستان کا قومی بیان پیش کیا۔
اعلامیے میں کہا گیا کہ موجودہ عالمی چیلنجز کے دوران امن و ترقی کے فروغ کے لیے غیر وابستہ تحریک کے اہم کردار کو اجاگر کیا گیا، جموں و کشمیر اور فلسطین جیسے دیرینہ تنازعات کے حل کی ضرورت پر زور دیا گیا اور موسمیاتی بحران کے اثرات سے نمٹنے میں ترقی پذیر ممالک کی مشکلات کو نمایاں کیا۔
نبیل منیر نے غیر وابستہ تحریک کے اس اصولی مؤقف کی مکمل حمایت کا اعادہ کیا کہ غیر ملکی قبضے کے تحت رہنے والی اقوام کو اپنے حق خود ارادیت کا حق حاصل ہے اور انہوں نے اسلاموفوبیا کے بڑھتے رجحان اور جنوبی ایشیا میں جنگی بیانات کی مذمت کی۔
ترجمان نے بتایا کہ اجلاس کے موقع پر اسپیشل سیکریٹری نبیل منیر نے یوگنڈا کے وزیر خارجہ اودونگو جے جے ابو بکر سمیت متعدد رکن ممالک کے رہنماؤں سے دو طرفہ ملاقاتیں بھی کیں۔
دفترخارجہ کے ترجمان نے بتایا کہ کمپالا ڈیکلریشن اور ایک جامع اعلامیے کی منظوری کے ساتھ ہوا جس میں مشرقِ وسطیٰ میں امن و استحکام کے لیے پاکستان کے کردار کو سراہا گیا۔