دوحا مذاکرات کامیاب، پاکستان اور افغانستان میں فوری جنگ بندی پر اتفاق ہو گیا

اسلامی جمہوریہ پاکستان اور افغانستان کے درمیان جاری کشیدگی کے خاتمے کے لیے قطر کے دارالحکومت دوحا میں ہونے والے اہم مذاکرات کامیاب ہو گئے۔

13 گھنٹے جاری رہنے والے مذاکرات کے اختتام پر دونوں ممالک نے فوری جنگ بندی پر اتفاق کر لیا۔

مذاکرات کی میزبانی ریاستِ قطر نے کی جبکہ جمہوریہ ترکیہ نے ثالثی کا کردار ادا کیا۔

قطر کی وزارتِ خارجہ کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق دونوں فریقین نہ صرف فوری جنگ بندی پر متفق ہوئے بلکہ مستقبل میں پائیدار امن و استحکام کے لیے ایک مستقل مکینزم بنانے پر بھی رضا مند ہو گئے ہیں۔

اعلامیے کے مطابق پاکستان اور افغانستان آئندہ چند دنوں میں فالو اَپ اجلاس منعقد کریں گے تاکہ طے شدہ جنگ بندی کے مؤثر نفاذ اور اس کے تسلسل کو یقینی بنایا جا سکے۔

قطر نے امید ظاہر کی ہے کہ یہ تاریخی پیش رفت دونوں برادر ممالک کے درمیان سرحدی کشیدگی کے خاتمے اور خطے میں دیرپا امن کے قیام کا سنگِ میل ثابت ہوگی۔

Similar Posts