ائیرپورٹ حکام کے مطابق پہلی پرواز رات 9 بج کر 6 منٹ پر روانہ ہوئی، جبکہ آگ پر مکمل قابو پا لیا گیا ہے۔
وزارت شہری ہوا بازی و سیاحت نے ایک بیان میں کہا ہے کہ واقعے کی مکمل تحقیقات کی جائیں گی اور آئندہ ایسے واقعات سے بچاؤ کے لیے مؤثر اقدامات اٹھائے جائیں گے۔
آتشزدگی کے بعد ایئرپورٹ کی تمام اندرون و بیرون ملک پروازیں معطل کر دی گئی تھیں۔ آگ بجھانے کے لیے 37 فائر فائٹنگ یونٹس نے کارروائی میں حصہ لیا جبکہ فوج، بحریہ اور فضائیہ نے بھی امدادی کارروائیوں میں تعاون فراہم کیا۔
بین الاقوامی ایئر ایکسپریس ایسوسی ایشن آف بنگلہ دیش کے صدر کبیر احمد کے مطابق ابھی نقصانات کا درست اندازہ لگانا ممکن نہیں لیکن ابتدائی تخمینوں کے مطابق درآمدات اور برآمدات پر براہِ راست و بالواسطہ اثرات کا مجموعی حجم ایک ارب ڈالر سے تجاوز کر سکتا ہے۔
اس دوران کئی بین الاقوامی پروازوں کا رخ تبدیل کرنا پڑا جن میں بھارت کی دہلی سے ڈھاکا آنے والی پرواز کو کولکتہ جبکہ ایئر عربیہ کی شارجہ سے آنے والی پرواز کو چٹاگانگ منتقل کیا گیا۔
یہ واقعہ بنگلہ دیش میں ایک ہفتے کے دوران تیسری بڑی آتشزدگی ہے۔ اس سے قبل منگل کو ڈھاکا میں ایک گارمنٹس فیکٹری اور کیمیکل گودام میں لگنے والی آگ نے کم از کم 16 جانیں لی تھیں جبکہ جمعرات کو چٹاگانگ میں ایک سات منزلہ گارمنٹس فیکٹری مکمل طور پر جل کر خاکستر ہو گئی تھی۔
عبوری حکومت کا کہنا ہے کہ تمام حالیہ آتشزدگی واقعات کی مکمل اور شفاف تحقیقات جاری ہیں، اور کسی بھی ممکنہ تخریب کاری یا آتش زنی کے شواہد کی صورت میں سخت اور فوری کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔