ریلویز پولیس کی بڑی کارروائی، جعلی بریگیڈیئر گرفتار  

ریلویز پولیس نے لاہور میں بڑی کارروائی کرتے ہوئے جعلی بریگیڈیئر کو گرفتار کرلیا۔

ترجمان ریلوے پولیس کے مطابق ملزم بہادر علی سرکاری دفاتر میں فون کرکے خود کو آرمی کا بریگیڈیئر بتا کر فراڈ کرتا تھا۔

ملزم نے فروری میں ایس پی ورکشاپس دفتر کال کرکے خود کو حاضر سروس بریگیڈیئر ظاہر کیا، ملزم نے بذریعہ کال مغلپورہ کے صوفی شوکت قادری سے رابطہ کروانے کی درخواست کی، رابطہ کروانے پر ملزم نے شوکت قادری کو دہشت گردی میں ملوث ہونے کا جھوٹا الزام لگا کر ایک لاکھ روپے بھتہ مانگا۔

ملزم نے مدرسے کے وضو خانے کے قریب دہشت گردی سے منسوب موبائل سمز موجود ہونے کا انکشاف کیا۔

تصدیق کرنے پر ملزم نے جعلی بریگیڈیئر بن کر فرضی نام سے مدرسہ کی انتظامیہ کو بلیک میل کرکے بھتہ مانگا جس پر ریلویز پولیس نے فروری کے مہینے میں ملزم کیخلاف ٹیلیگراف ایکٹ کے تحت تھانہ مغلپورہ ورکشاپس میں مقدمہ درج کرکے تفتیش کا آغاز کردیا تھا۔

ملزم کی گرفتاری کے لئے ایس پی نے انسپکٹر راشد شاہ زمان اور ایس ایچ او ورکشاپس لیاقت علی سمیت دیگر اہلکاروں پر مشتمل تفتیشی ٹیم تشکیل دی۔

ٹیم نے جدید ٹیکنالوجی کا استعمال کرتے ہوئے جعلی بریگیڈیئر ملزم بہادر علی کو گرفتار کرلیا، مزید تفتیش جاری ہے۔

Similar Posts