کین ولیمسن انگلینڈ کیخلاف ون ڈے سیریز کیلئے کیوی اسکواڈ میں شامل

نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان کین ولیم سن اور آل راؤنڈر نیتھن سمتھ کو انگلینڈ کے خلاف ون ڈے سیریز کے لیے اسکواڈ میں شامل کرلیا گیا۔

سیریز کا پہلا ون ڈے 26 اکتوبر کو تورانگا کے بے اوول اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا جو کین ولیم سن کا آبائی میدان ہے۔

کین ولیم سن گزشتہ ایک ماہ سے معمولی طبی مسئلے کے باعث کرکٹ سے دور تھے اور آسٹریلیا کے خلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز کے ساتھ ساتھ زمبابوے کے دورے میں بھی شرکت نہیں کر سکے تھے۔ تاہم اب وہ مکمل طور پر فٹ ہو کر دوبارہ قومی ٹیم کا حصہ بننے جا رہے ہیں۔

سیریز کے لیے نیوزی لینڈ کی قیادت تجربہ کار آل راؤنڈر مچل سینٹنر کریں گے جو حال ہی میں چیمپئنز ٹرافی کے فائنل میں ٹیم کی قیادت کر چکے ہیں۔

اسکواڈ میں مائیکل بریسویل، راچن رویندرا، ڈیون کونوے، ٹام لیتھم، میٹ ہنری اور مارک چیپمین جیسے اہم کھلاڑی شامل ہیں۔ ٹام لیتھم وکٹ کیپنگ کے فرائض انجام دیں گے اور وہ بھی انجری سے صحتیاب ہو کر واپس آئے ہیں۔

دوسری جانب کئی کھلاڑی فٹنس مسائل کے باعث دستیاب نہیں ہوں گے جن میں فن ایلن، لاکی فرگوسن، ایڈم ملنے، ول او رورک، گلین فلپس اور بین سیئرز شامل ہیں۔

اسکواڈ میں شامل نئے چہروں میں کینٹربری کے آل راؤنڈر زیک فولکس بھی شامل ہیں جنہوں نے حال ہی میں نیوزی لینڈ اے کی جانب سے نمایاں کارکردگی دکھائی تھی۔

نیوزی لینڈ اور انگلینڈ کے درمیان تین میچوں کی یہ ون ڈے سیریز 26 اکتوبر سے یکم نومبر تک جاری رہے گی۔

نیوزی لینڈ کا اسکواڈ: مچل سینٹنر (کپتان)، مائیکل بریسویل، مارک چیپمین، ڈیون کونوے، جیکب ڈفی، زیک فولکس، میٹ ہنری، کائل جیمیسن، ٹام لیتھم (وکٹ کیپر)، ڈیرل مچل، راچن رویندرا، نیتھن سمتھ، کین ولیم سن اور ول ینگ

Similar Posts