لاہور ہائیکورٹ: 50 سالہ خاتون سے زیادتی کے مقدمے میں 20 سالہ لڑکے کی ضمانت منظور

لاہور ہائیکورٹ نے 50 سالہ خاتون سے زیادتی کی کوشش کے مقدمے میں 20 سالہ لڑکے کی ضمانت منظور کرلی۔

جسٹس امجد رفیق نے ملزم آفتاب عرف سورج کی درخواست ضمانت پر سماعت کی، ملزم کی طرف سے وکیل میاں داؤد ایڈووکیٹ نے دلائل دیے۔

وکیل کے مطابق گوجرانوالہ پولیس نے دانستہ طور پر ملزم کیخلاف زیادتی کی کوشش کا جھوٹا مقدمہ درج کیا۔ گلی کی لڑائی کو زیادتی کی کوشش کا رنگ دے کر مقدمہ درج کیا گیا۔

درخواست گزار کے وکیل نے الزام عائد کیا کہ پولیس کی ملی بھگت سے پنجاب میں زیادتی کے قانون کا غلط استعمال کیا جا رہا ہے، قانونی شعور تسلیم نہیں کرتا کہ ایک نوجوان گھر میں گھس کر 50 سالہ خاتون سے زیادتی کی کوشش کریگا۔

وکیل نے کہا کہ متاثرہ خاتون نے مقدمے کے نامزد دوسرے ملزم کے حق میں پیسے لیکر بیان دیدیا، متاثرہ خاتون کا شریک ملزم کے حق میں بیان ہی مرکزی ملزم کی ضمانت منظور کرنے کیلئے کافی ہے،

وکیل نے کہا کہ سپریم کورٹ کے طے کردہ اصول کے مطابق شک کا فائدہ ضمانت کی سطح پر بھی زیر غور لایا جا سکتا ہے۔

پراسکیوشن اور مدعیہ کی طرف سے ملزم آفتاب کی درخواست ضمانت کی مخالفت کی گئی تاہم عدالت نے تفصیلی دلائل کے بعد 1 لاکھ مچلکوں کے عوض ملزم آفتاب کی ضمانت منظور کرلی۔

Similar Posts