اسٹیل ٹاؤن کے فارم ہاؤس میں ڈکیت گروہ کی واردات، لاکھوں روپے مالیت کے 46 بکرے لے گئے

شہر قائد کے علاقے اسٹیل ٹاؤن میں لنک روڈ کے قریب فارم ہاؤس پر مسلح افراد نے دھاوا بولا اور لاکھوں روپے مالیت کے 46 مہنگے ترین بکرے چھین کر فرار ہوگئے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق اسٹیل ٹاؤن کے علاقے ایم ڈی اے سوسائٹی لنک روڈ کے قریب فارم پر مسلح ڈاکوؤں نے دھاوا بول کر عملے کو یرغمال بنا کر بھاری مالیت کے 46 بکرے اور بکریاں چھین کر اپنے ہمراہ لائے ہوئے ٹرک پر لاد کر فرار ہوگئے۔

فارم ہاؤس کے مالک شیخ علی نے ایکسپریس کو بتایا کہ واردات 20 اکتوبر بروز پیر کی رات تقریباً ساڑھے گیارہ بجے ہوئی، ڈاکوؤں کی تعداد 8 سے 10 کے قریب تھی۔

انہوں نے بتایا کہ ڈاکو اپنے ہمراہ ایک ٹرک بھی ساتھ لائے تھے، انہوں نے فارم پر موجود تمام عملے کو یرغمال بنا کر انھیں باندھ دیا اور 45 منٹ میں واردات مکمل کر کے فارم میں موجود گلابی نسل کی بکریاں اور بکرے ٹرک میں بھر کر موقع سے فرار ہوگئے۔

مالک کے مطابق ڈاکوؤں نے فارم میں نصب کلوز سرکٹ کیمرے اور ڈی وی آر سسٹم کو بھی توڑ دیا تاکہ ان کی شناخت نہ ہو سکے۔ انھوں نے بتایا کہ فارم سے چھین کر لیجائے جانے والے بکروں اور بکریوں کی لاکھوں روپے مالیت ہے جبکہ ڈاکوؤں کے فرار ہونے کے بعد واقعے کی اطلاع مدد گار 15 پولیس کو دی گئی جس نے موقع پر پہنچ کر معلومات حاصل کر کے لنک روڈ ٹول پلازہ سے مبینہ طور پر واردات میں استعمال کیے جانے والے ٹرک کی تصاویر اور رجسٹریشن نمبر حاصل کرلیا۔

فارم کے مالک نے یہ بھی بتایا کہ ڈاکوؤں کے بیک پر ایک کار بھی تھی اور اس کی تصویر بھی ٹول پلازہ کے کیمروں میں آئی ہے جو کہ پولیس کے حوالے کر دی گئی ہیں۔

 اسٹیل ٹاؤن پولیس نے فارم کے مینجر کی مدعیت میں نامعلوم ڈاکوؤں کے خلاف فارم سے 18 بکریاں اور 28 بکروں کے علاوہ ملازمین سے موبائل فون چھین کر لیجانے کا مقدمہ نمبر 834 سال 2025 بجرم دفعات 395 اور 397 کے تحت درج کر کے مزید تفتیش کے لیے انچارج انویسٹی گیشن ملیر ڈویژن کے حوالے کر دیا۔

فارم کے مالک نے مزید بتایا کہ مذکورہ واردات انتہائی منصوبہ بندی کے تحت انجام دی گئی ہے، انھوں نے پولیس حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ واردات میں ملوث ڈاکوؤں کا سراغ لگا کر انھیں گرفتار اور چھین کر لیجائے گئے بکرے اور بکریاں برآمد کرائی جائیں۔

Similar Posts