توانائی کی مؤثر کھپت کے لیے عمارتوں میں انسولیشن کا فروغ ناگزیر ہے ، ہارون اختر

وزیر اعظم کے معاونِ خصوصی برائے صنعت و پیداوار ہارون اختر خان سے نیشنل ٹرانسمیشن اینڈ ڈسپیچ کمپنی (این ٹی ڈی سی ) کے چیئرمین کی قیادت میں ایک وفد نے ملاقات کی۔

وزارت صنعت و پیداوار کی طرف سے جاری بیان کے مطابق ملاقات میں صنعتی و روزمرہ استعمال کے لیے توانائی کے مؤثر ماڈلز اور پائیدار توانائی کے طریقوں پر بریفنگ دی گئی۔

چیئرمین این ٹی ڈی سی نے بتایا کہ عمارتوں میں انسولیشن کے استعمال سے توانائی کی خاطر خواہ بچت ممکن ہے۔ انہوں نے کہا کہ انسولیشن کے ذریعے عمارتوں کا درجہ حرارت مطلوبہ سطح پر برقرار رکھا جا سکتا ہے جس سے توانائی کی کھپت میں نمایاں کمی آتی ہے۔

چیئرمین کے مطابق اسی مقصد کے تحت توانائی استعمال بلڈنگ کوڈ متعارف کرائے گئے ہیں جن پر وفاقی حکومت نے عملدرآمد کا آغاز کر دیا ہے۔

معاونِ خصوصی ہارون اختر خان نے کہا کہ پاکستان کے لیے جدید ٹیکنالوجی اور پائیدار توانائی کا فروغ وقت کی اہم ضرورت ہے۔

انہوں نے کہا کہ گرمیوں میں صنعتوں اور روزمرہ زندگی میں توانائی کی طلب میں نمایاں اضافہ ہوتا ہے اور اس طلب کو پورا کرنے کے لیے عمارتوں میں انسولیشن کا فروغ ایک مؤثر اور کم لاگت حل ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ملک کی مجموعی قومی پیداوار میں اضافہ براہِ راست توانائی کی لاگت سے وابستہ ہے اس لیے علاقائی مسابقت کے لیے صنعتوں میں پائیدار توانائی کے طریقے اپنانا ناگزیر ہے۔

ہارون اختر خان نے انجینئرنگ ڈویلپمنٹ بورڈ کو ہدایت کی کہ وہ این ٹی ڈی سی کے ساتھ مل کر توانائی بچت سے متعلق عملی اقدامات پر پیش رفت بارے رپورٹ تیار کرے۔

اس موقع پر لاہور یونیورسٹی آف منیجمنٹ سائنسز کے وفد نے معاونِ خصوصی ہارون اختر خان کو ایشیا ٹرانزٹ سمٹ 2025 میں شرکت کی دعوت بھی دی۔

Similar Posts