ایوارڈ شوز میں پاکستانی اداکاراؤں نے مغربی لباس پہن کر کس کی نمائندگی کی؟ فیشن ڈیزائنر

معروف اسٹائلسٹ، فوٹوگرافر اور ٹیلنٹ ہنٹر خاور ریاض نے ایوارڈ شوز میں اداکاراؤں کے لباس کے چناؤ کو کڑی تنقید کا نشانہ بنایا۔

خاور ریاض حال ہی میں ایک پوڈ کاسٹ میں شریک ہوئے انھوں نے کہا کہ ایوارڈ شوز میں مغربی انداز اپنانا اپنی پہچان کھونے کے مترادف ہے۔

خاور ریاض نے کہا کہ ہماری اداکارائیں ایوارڈ شوز میں مغربی گاؤنز پہن کر آتی ہیں۔ کیا انھیں پاکستانی ثقافت پسند نہیں، کیا اس پر انھیں فخر نہیں۔

اسٹائلسٹ خاور ریاض نے مشورہ دیا کہ ان اداکاراؤں کو چاہیے کہ قومی لباس اور اپنے ثقافتی وقار اور مشرقی انداز اپناتے ہوئے اپنی شناخت کو ہر چیز پر ترجیح کریں۔

انھوں نے مزید کہا کہ اداکارائیں اکثر انگریزی بولنے کی کوشش کرتی ہیں جبکہ ان کے سامعین خود انگریزی بولنے والے نہیں ہوتے۔

خاور ریاض نے مزید کہا کہ سمجھنے کی بات ہے، انگریزی بولنے کی کوشش میں غلطی ہوتی ہے تو آپ کا مذاق بنتا ہے۔ یہ احساسِ کمتری ہے۔ ہمیں اپنی زبان، ثقافت اور شناخت پر فخر ہونا چاہیے۔

انھوں نے مزید کہا کہ پاکستانی فنکاروں کو اپنی جڑوں کی طرف لوٹنا چاہیے اور خود کو مغرب کی نقل میں کھونے کے بجائے پاکستانی شناخت کو نمایاں کرنا چاہیے۔

خاور ریاض نے مزید کہا کہ اپنی پہچان اور اصل کو بھول جانا سب سے بڑی غلطی ہے۔ اگر ہم خود اپنے کلچر کی عزت نہیں کریں گے تو دنیا کیوں کرے گی؟

یاد رہے کہ خاور ریاض پاکستان کی فیشن اور انٹرٹینمنٹ انڈسٹری میں کئی بڑے نام متعارف کروا چکے ہیں اور اپنی بے باک رائے اور دوٹوک اندازِ گفتگو کے لیے جانے جاتے ہیں۔

 

Similar Posts