فلسطین کےعوام پاکستانی بہن بھائیوں کی مدد اور جذبے کو ہمیشہ یاد رکھیں گے، سفیر ڈاکٹر زوہیر

پاکستان میں فلسطین کے سفیر ڈاکٹر زوہیر محمد حمداللہ زید نے پاکستان کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ فلسطین کے عوام پاکستانی بہن بھائیوں کی مدد اور جذبے کو ہمیشہ یاد رکھیں گے اور وہ دن دور نہیں جب مقدس سرزمین آزاد ہوگی۔

وفاقی اردو یونیورسٹی اسلام آباد میں اقوام متحدہ کے حوالے سے منعقدہ تقریب میں خطاب کرتے ہوئے فلسطینی سفیر ڈاکٹڑ زوہیر محمد حمداللہ زید نے اسرائیلی مظالم اور اقوام متحدہ کی ناکامیوں کا تذکرہ کیا، پاکستان اور فلسطین کے اسلامی بھائی چارے پر مبنی تعلقات کے ذکر پر حاضرین نے کھڑے ہو کر تالیاں بجائیں۔

انہوں نے کہا کہ فلسطین کے عوام پاکستان کے بہن بھائیوں کی جانب سے کی گئی مدد اور جذبے کو ہمیشہ یاد رکھیں گے اور فلسطین بھی دنیا کے ہر فورم پر پاکستان کے لیے مضبوط پوزیشن لیتا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ وہ دن دور نہیں جب مقامات مقدسہ کی سرزمین فلسطین کو آزادی ملے گی، نیتن یاہو فلسطین کے بچوں اور عورتوں کو قتل کرتا رہا مگر دنیا خاموش تماشائی بنی رہی، اقوام متحدہ کا نظام ویٹو پاور کی وجہ سے مفلوج ہے اور مظلوم فلسطینیوں کی جانیں بچانے میں عالمی ادارے ناکام رہے۔

ڈاکٹر زوہیر نے کہا کہ فلسطین صرف ایک سرزمین کا نام نہیں بلکہ یہاں امت مسلمہ کے مقدس مقامات پائے جاتے ہیں۔

تقریب سے سابق سفیر و صدر آزاد کشمیر مسعود خان اور سابق سفیر سید ابرار حسین نے بھی خطاب اور کہا  کہ اقوام متحدہ دنیا کے مسائل حل کرنے میں ناکام ہے، یو این او دراصل فاتحین کا ایک قبضہ گروپ ہے، یہ تنظیم صرف طاقت ور ملکوں کے مفاد کے تحفظ کے لیے کام کرتی ہے۔

شعبہ آئی آر اور ماس کمیونیکیشن کے سربراہ ڈاکٹر فیصل جاوید نے کہا کہ فلسطین کے سفیر سمیت سفارتی شخصیات کی یونیورسٹی آمد طلبہ کی خوش قسمتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ایسی علمی و سفارتی شخصیات کے ساتھ ملاقات اور گفتگو سے طلبہ کا وژن وسیع ہوتا ہے اور ہمارا مشن یہی ہے کہ نوجوان تعلیم کے ساتھ ساتھ اپنا ورلڈ ویو بھی بہتر بنائیں اور معاشرے کے فکری رہنما بن جائیں۔

Similar Posts