مکران کوسٹل ہائی وے پر خوفناک حادثہ، 3 افراد جاں بحق، ایک زخمی

مکران کوسٹل ہائی وے کے علاقے دلتوس کے قریب افسوسناک ٹریفک حادثے میں تین افراد جاں بحق جبکہ ایک شخص شدید زخمی ہوگیا۔

ریسکیو حکام نے ایکسپریس نیوز کو بتایا کہ اورماڑہ سے کراچی جانے والا ٹریلر بریک فیل ہونے اور تیز رفتاری کے باعث بے قابو ہوکر الٹ گیا۔ حادثے کے نتیجے میں تین افراد موقع پر جاں بحق ہوگئے جبکہ ایک شخص شدید زخمی ہوا۔

حادثے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو 1122 کی ٹیمیں جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں اور امدادی کارروائیاں شروع کر دیں، زخمی شخص کو موقع پر ابتدائی طبی امداد فراہم کرنے کے بعد ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر اسپتال اوتھل منتقل کیا گیا۔

جاں بحق افراد کی شناخت مدثر ولد خان بہادر، محمد یوسف ولد بادشاہواز کے ناموں سے ہوگئی ہے، جبکہ ایک جاں بحق شخص کی شناخت تاحال نہیں ہو سکی۔ زخمی شخص کی شناخت سید ملک کے نام سے ہوئی ہے۔

تمام افراد کا تعلق کراچی سے بتایا جا رہا ہے، جاں بحق افراد کی لاشوں کو ضابطے کی کارروائی کے بعد مقامی انتظامیہ کے حوالے کر دیا گیا۔

Similar Posts