مسلسل دو میچوں میں صفر؛ کیا ویرات کوہلی کا اشارہ ’ریٹائرمنٹ کا خاموش اعلان‘ تھا؟

سابق بھارتی کپتان ویرات کوہلی آسٹریلیا کے خلاف دوسرے ون ڈے میں بھی بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوگئے۔ یہ اس سیریز میں ان کا مسلسل دوسرا ’صفر‘ تھا۔ اس کے بعد پویلین لوٹتے ہوئے کوہلی کا دستانے اٹھا کر شائقین کی جانب ’خاموش اشارہ‘ بھی سوشل میڈیا پر موضوعِ بحث بن گیا۔

زی نیوز کے مطابق دوسرے ون ڈے میں بھی صفر پر آؤٹ ہونے کے باوجود پویلین جاتے ہوئے کوہلی نے دستانے ہاتھ میں اٹھا کر خاموشی سے شائقین کو الوداعی اشارہ دیا، جو ریٹائرمنٹ کا عندیہ ہو سکتا ہے۔ اگرچہ اس بارے میں کوئی باضابطہ اعلان نہیں ہوا، لیکن مسلسل دو صفر اور ’الوداعی اشارے‘ نے ان کی ممکنہ ریٹائرمنٹ کی چہ مگوئیوں کو مزید تقویت دی ہے۔

جس کے بعد سوشل میڈیا پر ان کی ریٹائرمنٹ سے متعلق قیاس آرائیاں مزید بڑھ گئی ہیں۔ بھارتی میڈیا اور شائقین اس اشارے کو غیر معمولی قرار دے رہے ہیں۔

کوہلی کے اشارے پر سوشل میڈیا صارفین کے تبصرے

بھارتی صحافی وکرانت گپتا نے ایکس پر پوسٹ میں یہی سوال اٹھایا۔ انہوں نے لکھا کہ ’کیا ہم ویرات کوہلی کے اس اشارے کو حد سے زیادہ معنی دے رہے ہیں؟ کیا یہ اشارہ واقعی اسی سمت میں تھا یا پھر وہ سیریز کے آخری ون ڈے تک انتظار کریں گے؟‘

ایک صارف نے ان کی خراب پرفارمنس پر طنز کرتے ہوئے کہا کہ ’کیا ویرات کوہلی ریٹائرمنٹ کا اعلان کردیں گے یا تیسرے میچ میں بھی صفر پر آؤٹ ہونا پسند کریں گے؟‘

جہاں صارفین ان کے اشارے پر تبصرے کرتے نظر آئے وہیں بھارتی شائقینِ کرکٹ خراب فارم پر انہیں ریٹائر ہوجانے کا مشورہ دیتے بھی نظر آرہے ہیں۔

واضح رہے کہ بھارتی ٹیم ان دنوں آسٹریلیا کے دورے پر ہے جہاں وہ تین ون ڈے اور 5 ٹوئنٹی میچز کی سیریز کھیلے گی۔ پرتھ میں کھیلے گئے پہلے ون ڈے میں کینگروز نے بھارتی ٹیم کو 7 وکٹوں سے شکست دی جبکہ دوسرا ون ڈے آج کھیلا جارہا ہے۔ ویرات کوہلی ان دونوں میچوں میں کوئی رن نہ بنا سکے۔

ایڈیلیڈ اوول، ہمیشہ سے کوہلی کے لیے خاص رہا ہے، جہاں وہ غیر ملکی بلے بازوں میں سب سے زیادہ رنز بنا چکے ہیں۔ مگر آسٹریلیا کے خلاف دوسرے ون ڈے میں محض چار گیندوں پر بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوگئے۔

جس کے بعد بھارتی میڈیا اور سوشل میڈیا صارفین کوہلی کے اشارے کو ممکنہ ریٹائرمنٹ سے جوڑ رہے ہیں، تاہم ویرات کوہلی کی جانب سے ابھی تک کوئی باضابطہ اعلان یا وضاحت سامنے نہیں آئی ہے۔

Similar Posts