کاکروچ جنتا پارٹی کے احتجاج میں شرکت پر بھارتی اداکار عمران خان گرفتار
بالی وڈ اداکار عامر خان کے بھانجے اور فلم اسٹار عمران خان کو ممبئی میں کروچ جنتا پارٹی (سی جے پی) کے احتجاج کے دوران پولیس نے حراست میں لے لیا۔ اداکار نے پولیس وین سے اپنی سیلفی شیئر کرتے ہوئے طنزیہ انداز میں لکھا کہ وہ ’ڈرائیو پر جارہے ہیں‘۔ سی جے پی انتخابی فہرستوں میں مبینہ دھاندلی کے خلاف چیف الیکشن کمشنر کے استعفے کا مطالبہ کررہی ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق عمران خان کو 10 اکتوبر کو ممبئی کے کرانتی میدان میں کروچ جنتا پارٹی (سی جے پی) کے احتجاج کے دوران پولیس نے حراست میں لے لیا۔
43 سالہ اداکار نے پولیس وین میں موجودگی کے دوران اپنی سیلفی سوشل میڈیا پر شیئر کی، جس کے ساتھ طنزیہ کیپشن لکھا، ’میں ڈرائیو پر جارہا ہوں‘۔
عمران خان طویل عرصے سے سیاسی اور سماجی مسائل پر آواز اٹھاتے رہے ہیں۔ وہ ماضی میں بھی فن، سیاست اور طلبہ پر پولیس تشدد کے خلاف کھل کر اپنے خیالات کا اظہار کرچکے ہیں۔
ممبئی پولیس حکام کے مطابق 10 اکتوبر کو ہونے والے احتجاج کے لیے باضابطہ اجازت نہیں لی گئی تھی۔ دوسری جانب ہائی کورٹ کے احکامات کے تحت ممبئی میں احتجاج کے لیے صرف آزاد میدان مقرر ہے۔
تاہم سی جے پی کے کارکنوں کا کہنا ہے کہ انہوں نے ای میل کے ذریعے احتجاج کی اجازت طلب کی تھی، لیکن پولیس کی جانب سے کوئی جواب نہیں دیا گیا۔
اسی معاملے پر نئی دہلی میں ہونے والے احتجاج کے دوران سابق وزیراعلیٰ اروند کیجریوال، ممتا بینرجی سمیت تقریباً 1500 افراد کو بھی حراست میں لیا گیا۔
اس سے قبل دہلی پولیس اور انتظامیہ نے کارروائی کرتے ہوئے سی جے پی کے مرکزی رہنماؤں ابھيجيت دیپکے، سورو داس اور آشوتوش رانکا کو ایئر انڈیا کے طیارے کے اندر سے حراست میں لیا گیا تھا۔
سی جے پی انتخابی فہرستوں میں مبینہ دھاندلی کے خلاف احتجاج کررہی ہے اور اس نے چیف الیکشن کمشنر سے استعفے کا مطالبہ کیا ہے۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق الیکشن کمیشن کے اندر انتخابی فہرستوں کے معاملے پر اختلافات بھی سامنے آئے ہیں۔ رپورٹس میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ گزشتہ 10 ماہ کے دوران دیگر حکام نے چیف الیکشن کمشنر کے 14 فیصلوں پر اعتراضات اٹھائے ہیں۔