پاکستانی کھلاڑی رنز بنانے میں کنجوس اور ایکسٹراز لٹانے میں سخی بن گئے

0 minutes, 0 seconds Read

پاکستانی کھلاڑی رنز بنانے میں کنجوس اور ایکسٹراز لٹانے میں سخی بن گئے، نیوزی لینڈ کے دوسرے ون ڈے میں ابتدائی 5 بلے بازوں نے ڈبل فگر میں داخل ہونے کی زحمت نہ کی جبکہ بابراعظم صرف ایک رن بناکر چلتے بنے۔

پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان دوسرا ون ڈے میچ ہملٹن کے سیڈن پارک میں کھیلا گیا، جس میں پاکستان کی دعوت پر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے میزبان ٹیم نے 8 وکٹوں کے نقصان پر 292 رنز بنائے۔

ہدف کے تعاقب میں پاکستان کی بیٹنگ لائن پھر بری طرح ناکام ہوگئی، کیوی فاسٹ بولرز کے سامنے اوپنرز سمیت مڈل آرڈر بھی ناکام ثابت ہوا۔

آدھی ٹیم صرف 11.4 اوورز میں ہی واپس پویلین لوٹ گئی، ابتدائی 5 بلے بازوں نے ڈبل فگر میں داخل ہونے کی زحمت نہ کی۔ عبداللہ شفیق اور بابراعظم ایک، ایک، امام الحق 3، کپتان محمد رضوان 5 اور سلمان آغاز 9 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

آدھی ٹیم کے آؤٹ ہونے کے بعد ایک اینڈ سے وکٹس گرتی رہیں تاہم دوسرے اینڈ سے فہیم اشرف نے مزاحمت جاری رکھی اور انہوں نے اس دوران اپنی نصف سنچری مکمل کی، فہیم اشرف کی مزاحمت 73 رنز تک ہی چل سکی لیکن ان کی یہ اننگز ٹیم کے کام نہ آسکی۔

بعدازاں میچ کے دوران حارث رؤف ہیلمٹ پر باؤنسر لگنے کے بعد گراؤنڈ سے باہر چلے گئے جس کے بعد کنکشن قانون کے تحت حارث رؤف کی جگہ نسیم شاہ بیٹنگ کے لیے آئے، حادثاتی طور پر ٹیم میں شامل ہونے والے نسیم شاہ نے بھی دیدہ دلیری سے بلے بازی کی اور پاکستان کو 200 رنز عبور کرنے کرنے میں اہم کردار ادا کرتے ہوئے 51 رنز کی شاندار باری کھیلی۔

نیوزی لینڈ کیخلاف پاکستان کی پوری ٹیم کیچ آؤٹ

دوسرے ون ڈے میچ میں نیوزی لینڈ کے خلاف پاکستان کی پوری ٹیم کیچ آؤٹ ہوئی۔

دل کھول کے اضافی رنز دینا شاہینوں کا شیوہ بن گیا

دوسری جانب دل کھول کے اضافی رنز دینا شاہینوں کا شیوہ بن گیا، نیوزی لینڈ کے خلاف دوسرے ون ڈے میں بھی پاکستانی ٹیم نے 32 اضافی رنز دیے۔

نیوزی لینڈ کی اننگز کے دوران پاکستانی ٹیم نے 32 اضافی رنز دے کر اپنی بولنگ مشکلات میں اضافہ کردیا، قومی بولرز کی ناقص لائن اور لینتھ کے باعث 20 وائیڈ بالز کروائی گئیں، جو پاکستان کے لیے مہنگی ثابت ہوئیں۔

اس سے قبل پہلے ون ڈے میں بھی شاہینوں نے 43 اضافی رنز دیے تھے، جس پر کرکٹ شائقین نے شدید تنقید کی تھی۔

اضافی رنز کا یہ سلسلہ نہ صرف مخالف ٹیم کو فائدہ پہنچا رہا ہے بلکہ پاکستانی بولنگ اٹیک کی کارکردگی پر بھی سوالیہ نشان بن چکا ہے۔

یاد رہے کہ آج ہیملٹن میں کھیلے گئے دوسرے ون ڈے میچ میں نیوزی لینڈ نے پاکستان کو 84 رنز سے ہرا کر 3 میچز کی سیریز میں فیصلہ کُن برتری حاصل کرلی۔ سیریز کا آخری میچ 5 اپریل کو کھیلا جائے گا۔

Similar Posts