پنجاب میں غیر قانونی اسلحہ 15یوم میں جمع کرانا لازمی

پنجاب میں تمام غیر قانونی اسلحہ15دن کے اندر جمع کروانا لازمی ہوگا۔

وزیر اعلیٰ پنجاب کے وژن کے مطابق صوبے کو اسلحے سے پاک کرنے کیلیے آئی جی ڈاکٹر عثمان انور نے سینٹرل پولیس آفس میں پریس کانفرنس کی، اسپیشل سیکریٹری ہوم فضل الرحمن اور ایڈیشنل آئی جی سی سی ڈی سہیل ظفر چٹھہ بھی ہمراہ تھے۔

آئی جی نے کہا ہم مریم نواز کے شکر گزار ہیں کہ سی سی ڈی اور آر ایم پی کا قیام عمل میں آیا، پنجاب سرنڈر آف اللیگل آرمز ایکٹ 2025 متعارف کروایا جا رہا جس کے تحت تمام غیر قانونی اسلحہ15دن کے اندر جمع کروانا لازمی ہوگا ، ڈالا کلچر کا خاتمہ یقینی بنایا جارہا ہے،10لاکھ سے زائد لائسنس یافتہ اسلحہ کی از سرِ نو جانچ پڑتال ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ ذاتی دشمنیوں یا حفاظت کی آڑ میں غیر قانونی اسلحہ  والوں کیخلاف کارروائی ہوگی،ہر شہری کو لازماً اپنا غیرقانونی اسلحہ مقررہ مدت میں جمع کروانا پڑے گا،سی سی ڈی صوبہ بھر کو اسلحہ سے پاک کرنے کیلئے جامع اقدامات کرے گی اور غیر قانونی اسلحہ سی سی ڈی، متعلقہ تھانوں اور مقررہ مراکز پر جمع کروایا جا سکے گا۔

انہوں نے بتایا کہ صوبائی بارڈر،چیک پوسٹوں پر اسلحہ کی تلاش کے لیے سکینر نصب کیے جا رہے ہیں ،ٹارگٹ کلنگ میں ملوث شوٹرز کیخلاف کاروائیاں ہونگی۔سپیشل سیکرٹری ہوم نے بتایا  غیر قانونی اسلحہ  پر 4سے 14سال تک سزا اور10سے 30لاکھ روپے تک جرمانے عائد کیے جائیں گے۔

 

Similar Posts