وزیر داخلہ کا نیشنل پولیس اکیڈمی کا دورہ،اپ گریڈیشن پراجیکٹ پر پیشرفت کا جائزہ

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے نیشنل پولیس اکیڈمی کا دورہ کیا اور اکیڈمی میں جاری اپ گریڈیشن پراجیکٹ پر پیشرفت کا جائزہ لیا۔ وزیر داخلہ نے زیر تعمیر نئے ہاسٹل کی تعمیراتی سرگرمیوں کا معائنہ کیا اور اس بات کی تصدیق کی کہ گیارہ منزلہ عمارت کو پانچ ماہ میں مکمل کیا جائے گا۔

محسن نقوی نے اپ گریڈیشن پراجیکٹ کے پہلے مرحلے کو مقررہ مدت میں مکمل کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ تعمیراتی کاموں کو معیار اور شفافیت کے ساتھ بروقت مکمل کیا جائے۔ وزیر داخلہ نے اکیڈمی کے سپورٹس کمپلیکس کا بھی معائنہ کیا اور اس کی از سر نو بحالی کے لیے اقدامات کی ہدایت دی۔

وزیر داخلہ نے نیشنل پولیس اکیڈمی کے آفیسرز میس کا دورہ بھی کیا، جہاں انہوں نے زیر تربیت افسران کے لئے تیار کھانا کھا کر اس کے معیار کا جائزہ لیا۔ انہوں نے فائرنگ سیمولیشن روم کا بھی دورہ کیا اور اسے جدید تقاضوں کے مطابق اپ گریڈ کرنے کی ہدایت دی۔

محسن نقوی نے اس موقع پر کہا کہ نیشنل پولیس اکیڈمی پولیس فورس کی ریڑھ کی ہڈی ہے اور بہترین تربیت یافتہ افسران اور فورس ہی عوام کے جان و مال کے تحفظ کی ضمانت ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ نیشنل پولیس اکیڈمی کو جدید سہولیات سے آراستہ ایک مثالی ادارہ بنایا جائے گا۔

چئیرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا نے وزیر داخلہ کو تعمیراتی کام پر پیشرفت کے حوالے سے بریفنگ دی۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ گیارہ منزلہ عمارت کے سٹرکچر ورک میں تیسری منزل کی چھت تک کا کام مکمل کر لیا گیا ہے اور نیشنل پولیس اکیڈمی میں جاری تعمیراتی کام شیڈول کے مطابق جاری ہے۔

اس موقع پر کمانڈنٹ نیشنل پولیس اکیڈمی، ممبر سی ڈی اے اور دیگر افسران بھی موجود تھے۔

Similar Posts