وزیر مملکت خزانہ سے چیف ایڈوائزر بنگلا دیش کے معاون خصوصی کی ملاقات، اہم امور پر گفتگو

چیف ایڈوائزر بنگلہ دیش کے معاون خصوصی (خزانہ) انیس الزماں چوہدری نے وزیر مملکت خزانہ و ریلوے بلال اظہر کیانی سے وزارت خزانہ میں ملاقات کی۔

دونوں رہنماؤں نے دونوں برادر ممالک کے درمیان اقتصادی تعاون کے نئے مواقع کی تلاش پر اتفاق کرتے ہوئے مشترکہ ترقی کے اہداف کے لیے شراکت داری کے عمل کو تیز کرنے پر تبادلہ خیال کیا۔

دونوں رہنماؤں نے دوطرفہ تجارت میں اضافے، توانائی، ٹرانسپورٹ اور اقتصادی شعبوں میں وسیع تر تعاون کے فروغ، اور خاص طور پر رابطوں کو بہتر بنانے کے لیے براہ راست پروازوں کی بحالی کے امور پر بات چیت کی تاکہ عوامی سطح پر رابطوں کو مزید فروغ ملے۔

دونوں رہنماؤں نے پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان قریبی اقتصادی اور سفارتی تعلقات کے فروغ کے غیر متزلزل عزم کی توثیق کی۔

ملاقات میں پاکستان میں بنگلہ دیش کے سفیر محمد اقبال حسین خان، قونصلر (پریس) محمد طیب علی اور ہیڈ آف چانسری محترمہ عصرت جہاں کے علاوہ وزارت خزانہ کے اکنامک ایڈوائزر ڈاکٹر حسن محمد محسن بھی موجود تھے۔

Similar Posts