بھارتی اداکار چرن جیوی کی ڈیپ فیک نازیبا ویڈیوز وائرل، مقدمہ درج

جنوبی بھارت کے لیجنڈری اداکار چرن جیوی نے ان کے نام سے منسوب اے آئی جنریٹیڈ فحش ویڈیوز کے خلاف پولیس میں باقاعدہ شکایت درج کرا دی ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ یہ ویڈیوز ان کی ساکھ کو نقصان پہنچانے اور ان کے جذبات کو ٹھیس پہنچانے کے مقصد سے تیار کی گئی ہیں۔

چرن جیوی کی شکایت کے بعد حیدرآباد سائبر کرائم پولیس نے آرٹیفیشل انٹیلی جنس پر مبنی ڈیپ فیک فحش مواد کے خلاف مختلف دفعات کے تحت مقدمہ درج کرلیا ہے۔ تیلگو فلم انڈسٹری میں دہائیوں سے سرگرم  70 سالہ اداکار کا تعلق آندھرا پردیش سے ہے۔

پولیس کے مطابق زیرِ تفتیش ویڈیوز میں اداکار کو جعلی طریقے سے بے ہودہ مناظر میں پیش کیا گیا ہے۔ چرن جیوی نے بیان میں کہا کہ یہ تمام مواد بدنیتی پر مبنی ہے، جس کا مقصد انہیں غیر اخلاقی انداز میں پیش کرکے عوام میں ان کی شخصیت کو داغدار کرنا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ’’دہائیوں کی محنت سے بنائی گئی میری ساکھ کو نقصان پہنچانے والے اس اقدام نے نہ صرف مجھے اور میرے اہلِ خانہ کو شدید ذہنی اذیت دی ہے بلکہ عوام کو بھی گمراہ کرنے کی کوشش کی گئی ہے۔‘‘

پولیس نے اس کیس کو ڈیپ فیک اور سائبر ہراسانی کے بڑھتے ہوئے رجحان سے منسلک قرار دیتے ہوئے تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔

Similar Posts