کسٹمز حکام نے تافتان بارڈر پر کارروائی کرتے ہوئے خطرناک نشہ آور دوا میتھاڈون کی اسمگلنگ کی بڑی کوشش ناکام بنا دی۔
ایف بی آر کے مطابق ایک کنٹینر میں لدے ہوئے 620 کارٹنوں سے تقریباً 11.16 ملین گولیاں برآمد ہوئیں جن کی مالیت 446 ملین روپے ہے۔
ترجمان ایف بی آر کے مطابق یہ ممنوعہ دوا غلط بیانی اور کسٹمز فراڈ کے مقدمات میں ماخوذ تافتان کے ایک درآمدکنندہ کی ملکیت ہے۔ حکام نے اس کھیپ کو نجی گاڑی میں منتقل کرنے کی کوشش کرنے والے شخص کو گرفتار کرلیا۔
ایف بی آر کے مطابق میتھاڈون کی درآمد صرف ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی آف پاکستان (DRAP) کی سفارش پر وزارت نارکوٹکس کنٹرول کی جانب سے جاری کردہ این او سی کے ذریعے ممکن ہے۔
کسٹمز نے کنٹرول آف نارکاٹک سبسٹنسز ایکٹ 1997 کی متعلقہ دفعات کے تحت ایف آئی آر درج کر لی ہے، جب کہ دیگر ملوث افراد کی گرفتاری کے لیے تفتیش جاری ہے۔