بجلی کی قیمتوں میں کمی کے عمل میں آرمی چیف کا کلیدی کردار رہا ہے، وزیراعظم

0 minutes, 0 seconds Read

وزیراعظم شہبازشریف نے بجلی کی قیمتوں میں کمی کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ عوام کو ریلیف حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ یہ بھی اعتراف کرنا چاہوں گا کہ اس سارے عمل میں آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر کا کلیدی کردار رہا ہے۔ ملک کی معاشی ترقی کے لیے آرمی چیف نے بھرپور تعاون کیا۔

بجلی کے نرخوں میں کمی کے حکومتی پیکیج کے حوالے سے تقریب کا اہتمام اسلام آباد میں ہوا جس میں وفاقی وزراء اور سیاسی شخصیات بھی شریک ہوئیں۔ تقریب کا اہتمام تلاوت قرآن پاک سے ہوا جس کے بعد نعت رسول مقبول ﷺ پیش کی گئی۔

وزیراعظم شہباز شریف نے اسلام آباد میں بجلی کی قیمتوں میں کمی کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج گھریلو صارفین کیلئے بجلی 45 روپے 5 پیسے فی یونٹ ہے، جو کمی کے بعد 34 روپے 37 پیسے فی یونٹ بجلی ملے گی۔

وزیراعظم شہبازشریف نے آرمی چیف جنرل سید محمد عاصم منیر کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ معیشت کی بحالی میں ان کا اور ان کے ساتھیوں کا اہم کردار رہا۔

وزیراعظم نے اعتراف کیا کہ اس عمل میں آرمی چیف کا تعاون حکومت اور عوام کے لیے کلیدی ثابت ہوا۔ انہوں نے کہا کہ اس مشکل سفر میں قوم کی قربانیاں اور اللہ کی مدد سے پاکستان نے اقتصادی استحکام کی جانب قدم بڑھایا ہے، اور مہنگائی کو سنگل ڈیجٹ تک لانے میں کامیابی حاصل کی ہے۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ میں کھلے دل کے ساتھ اس حقیقت کا اعتراف کرتا ہوں کہ اس سارے عمل میں آرمی چیف جنرل سید محمد عاصم منیر اور ان کے رفقائے کار کا مجھے اور میری ٹیم کو بھرپور تعاون حاصل رہا اور کلیدی کردار رہا۔

وزیراعظم کا گھریلو صارفین کیلئے 7 روپے 41 پیسے اور صنعتوں کیلئے 7 روپے 59 پیسے فی یونٹ بجلی کمی کا اعلان

وزیراعظم نے کہا کہ اس مقصد کے لیے ایک ایک فرد کی کاوشیں اللہ کی بارگاہ میں منظور ہوئیں، آج ہم استحکام معیشت کے اس مقام پر کھرے ہیں، جہاں شاید ہمیں پہلے سے زیادہ محنت کرنا پڑے، یہ سفر پہلے سے زیادہ دشوار گزار ہو، پاکستانی قوم نے بہت قربانیاں دی ہیں، ایسا بھی وقت آیا کہ جب پنشنر بجلی کا بل ادا کردیتا تھا تو اسے معلوم نہیں تھا، کہ بچوں کی دوائیں کہاں سے لائوں گا، یہ وہ وقت تھا کہ بجلی کا بل ادا کرکے گھر میں بے چارگی کا عالم ہوتا تھا۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ دکاندار، سرمایہ کار، صنعتکار اپنے اپنے کاروبار کو بند کرنے پر مجبور ہورہے تھے، کہ اتنا مہنگا مال کیسے بیچیں گے، صنعتوں کی چمنیوں سے دھواں نکلنا بند ہوگیا۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ اللہ کے کرم، قوم کی دعاؤں اور حکومتی کاوشوں کی بدولت مہنگائی سنگل ڈیجٹ میں آ چکی ہے، 38 سے اسے ڈیڑھ فیصد پر لایا جا چکا ہے۔ ساڑھے 22 فیصد شرح سود 12 فیصد پر آ چکا ہے۔ پیٹرول پر 38 روپے تک کمی کی گئی، پورے خطے میں پیٹرول کی قیمت آج بھی پاکستان سے کم ہے۔

Similar Posts