ترجمان سندھ حکومت سعدیہ جاوید کا آفاق احمد کے الزامات پر ردعمل

0 minutes, 0 seconds Read

ترجمان سندھ حکومت سعدیہ جاوید کا آفاق احمد کے الزامات پر ردعمل سامنے آیا ہے، انھوں نے ردِ عمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ آفاق احمد ٹریفک حادثات پر سیاست کر رہے ہیں۔ آفاق احمد خود کو خبروں میں رکھنا چاہتے ہیں۔

ترجمان سندھ حکومت سعدیہ جاوید نے چیئرمین مہاجر قومی موومنٹ آفاق احمد کے الزامات پر ردِ عمل دیتے ہوئے کہا کہ ناکام سیاستدان کے پاس عوامی خدمت کا کوئی ایجنڈا نہیں، ماضی میں کراچی میں خوف و ہراس پھیلانے والے عناصر کے سہولت کار آفاق احمد خود کو خبروں میں رکھنا چاہتے ہیں۔

ترجمان سندھ حکومت نے کہا کہ ثابت ہوگیا ہے کہ آفاق احمد جیسے ناکام سیاستدان دوسروں کی لاشوں پر سیاست کرتے رہتے ہیں۔
یہ لوگ ماضی میں بھی ناکام ہوئے اور مستقبل میں بھی ناکام ہی رہیں گے۔

سعدیہ جاوید نے کہا کہ آفاق احمد ٹریفک حادثات اور ڈکیتی مزاحمت کے واقعات کو اپنی مردہ سیاست زندہ کرنے کے لیے استعمال کر رہے ہیں۔ ناکام اور گمشدہ سیاستدان کے پاس عوامی خدمت کا کوئی ایجنڈا نہیں۔

ترجمان سندھ حکومت نے کہا کہ آفاق احمد کتنے بھی مگرمچھ کے آنسو بہائے اور جھوٹا واویلا کرے، عوام ان کی حقیقت کو پہچان چکی ہے۔ آفاق احمد نے آج بانی متحدھ کو ساتھ دینے کی اپیل کی، ثابت ہوگیا ہے کہ آفاق احمد جیسے ناکام سیاستدان دوسروں کی لاشوں پر سیاست کرتے رہتے ہیں۔

شہری 12 اپریل کو پرامن احتجاج کے لیے نکلیں، آفاق احمد

واضح رہے کہ چیئرمین مہاجر قومی موومنٹ آفاق احمد نے 12 اپریل کے پرامن احتجاج کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ حادثات پر حادثات ہو رہے ہیں، حکومت نے سرد مہری کا مظاہرہ کیا، جو لوگ جاں بحق ہوئے ان کی تکالیف زیادہ ہیں مجھے بھی گرفتار کیا گیا لیکن ہماری تکلیف کچھ نہیں ہے۔

انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت بدعنوان ترین حکومت ثابت ہوئی ہے، پنجاب کے وسائل کا رونا رونے والے اپنے پیسوں کا صحیح استعمال کر لیں ۔ اس شہر کے مجرم پیپلز پارٹی ہے، شہر کے وسائل کو اپنے مفادات کے لئے استعمال کیے جاتے ہیں، جان بوجھ کر منصوبوں میں تاخیر سے لاگت کئی گنا بڑھائی جاتی ہے۔

چئیر مین مہاجر قومی موومنٹ کا کہنا تھا کہ کرپشن سے متعلق خبریں بھی نشر کرنے سے روک دی جاتی ہیں کہ اشتہارات روک لئے جاتے ہیں۔ شہر کے لوگ کس سے درخواست کریں؟ شہر میں رینجرز امن و امان کی صورتحال بہتر کرنے کے لئے آئی تھی، آج بھی انسانی جانیں ضائع ہورہی ہیں۔

Similar Posts