کراچی کے علاقے خواجہ اجمیر نگری میں شہریوں کی ڈکیت کو پکڑنے کی کوشش، ڈاکوؤں کی فائرنگ سے ساتھی ہلاک ہو گیا جب کہ دوسرا زخمی ہوا۔ دیگر واقعات میں پورٹ قاسم ٹویوٹا چورنگی پر ٹرالر کی ٹکر سے سائیکل سوار شہری جاں بحق ہوا۔
ایس ایس پی سینٹرل کے مطابق نارتھ کراچی خواجہ اجمیر نگری تھانےکی حدود میں ڈکیت عوام کے ہتھے چڑھ گئے، شہریوں نے ڈاکوئوں کو دبوچنے کی کوشش کی تو ڈاکوئوں نے فائرنگ کردی۔
ایک ڈاکو اپنے ہی ساتھی کی گولی لگنے سے ہلاک اور ایک زخمی ہوگیا۔ پولیس نے جائے وقوعہ پر پہنچ کر ملزمان سے اسلحہ اور دیگر سامان برآمد کرلیا۔
دیگر واقعات میں پورٹ قاسم ٹویوٹا چورنگی پر ٹرالر کی ٹکر سے سائیکل سوار شہری جاں بحق ہوا، جاں بحق بائیک سوار نوجوان کی شناخت سترہ سالہ محرم کے نام سے ہوئی جو ریس لگاتے ہوئے ٹرالر کی زد میں آیا۔
پولیس نے ٹرالر کو تحویل میں لے کر تھانے منتقل کردیا۔
سہراب گوٹھ سندھ سوسائٹی میں گھریلو پریشانی پر 28 سالہ غزالہ آصف نے پنکھے میں پھندا لگا کر خود کشی کر لی۔
پولیس کے مطابق غزالہ کے شوہر آصف علی نے بتایا کہ بچے کے معاملے پر بیوی سے تلخ کلامی ہوئی تھی جس کے بعد بیوی نے پنکھے میں دوپٹہ ڈال کر خودکشی کر لی۔
پولیس کا کہنا ہے کہ اطلاع ملنے پر سہراب گوٹھ پولیس جائے وقوعہ پر پہنچ گئی، خاتون کی لاش کو ضروری قانونی کارروائی کے لیے عباسی شہید اسپتال منتقل کر دیا۔