پی ایس ایل 11، سپر 6 کی تجویز کو پذیرائی نہ مل سکی

پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے گیارہویں ایڈیشن میں سپر 6 مرحلہ کروانے کی تجویز کو پذیرائی نہ مل سکی۔

تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز پی ایس ایل حکام، فرنچائز مالکان اور آفیشلز کی اہم میٹنگ ہوئی۔

ٹیم آفیشلز ویڈیو کال پر موجود رہے، میڈیا اور سوشل میڈیا میں تند و تیز بیانات کی وجہ سے شہرت حاصل کرنے والے ملتان سلطانز کے مالک علی ترین حیران کن طور پر شریک نہ ہوئے، البتہ ان کے نمائندے موجود تھے۔

ذرائع نے بتایا کہ اجلاس میں ٹورنامنٹ کے فارمیٹ پر تفصیلی غور ہوا، ورلڈکپ کی وجہ سے آئندہ برس بھی ایونٹ روایتی تاریخوں میں نہیں ہو سکے گا۔

ایونٹ کے اپریل، مئی میں انعقاد کا پہلے ہی فیصلہ ہو گیا تھا، اب بورڈ نے فارمیٹ کے حوالے سے بعض تجاویز شیئر کیں، ان کا مزید جائزہ لیا جائے گا۔

موجودہ فارمیٹ کو برقرار رکھنا ممکن نہیں کیونکہ 60 میچز سے ٹورنامنٹ 2 ماہ تک جاری رکھنا پڑے گا۔

ہر ٹیم کا دیگر سے لیگ راؤنڈ میں ایک میچ یقینی ہو گا، سب کے دیگر ایک یا دو ابتدائی میچز کے حریف کا فیصلہ بعد میں ہوگا۔ 35 سے 44 میچز کا انعقاد ہو سکتا ہے۔

حکام نے آئی سی سی ایونٹس کی طرح ابتدائی راؤنڈ کے بعد 2 ٹیموں کو باہر کر کے سپر 6 کی بھی  تجویز دی، البتہ فرنچائز اس سے متق نہیں، ان کے مطابق شہروں کی لیگ میں سے 2 ٹیمیں پہلے ہی باہر ہوگئیں تو ایونٹ میں دلچسپی کم ہو سکتی ہے۔

بورڈ آفیشلز نے شرکاء کو بتایا کہ آڈٹ کمپنی رواں ہفتے ہر فرنچائز کو اس کی نئی ویلیو سے آگاہ کر دے گی، اگر کوئی شکایت ہو تو بورڈ کے ساتھ بات ہو سکتی ہے۔

Similar Posts