کراچی، پوش علاقوں میں ڈکیتی اور چوری کی وارداتوں میں ملوث ملازمین کی فہرست تیار

0 minutes, 0 seconds Read
پولیس نے شہر کے پوش علاقوں میں گھروں میں ڈکیتی اور چوری کی وارداتوں میں ملوث ملازمین اور جرائم پیشہ افراد کی تفصیلی فہرستیں تیار کرلی ہیں۔

پولیس حکام کے مطابق یہ فہرستیں شہر کے پوش علاقوں میں ہونے والی وارداتوں کے بعد مرتب کی گئی ہیں اور ان فہرستوں کو پنک بک اور بلو بک کا نام دیا گیا ہے۔

ایکسپریس نیوز کو موصول رپورٹ کے مطابق پنک بک میں خواتین جبکہ بلو بک میں مرد جرائم پیشہ افراد کے نام شامل ہیں۔

پولیس حکام نے بتایا کہ پنک بک میں 188 خواتین اور بلو بک میں 275 مرد جرائم پیشہ افراد کی تفصیلات درج کی گئی ہیں، جو گھروں میں ملازم بن کر بھروسہ حاصل کرنے کے بعد ڈکیتی اور چوری کی وارداتوں میں ملوث پائے گئے۔ 

رپورٹ میں بتایا گیا کہ خواتین ملازمائیں اکثر گھروں میں کام کے دوران چائے یا کھانے میں نشہ آور اشیا ملا کر اہل خانہ کو بے ہوش کرتی ہیں اور بعد ازاں واردات انجام دیتی ہیں جبکہ مرد ملازمین موقع پاکر قیمتی سامان اور نقدی چوری کر لیتے ہیں۔

کراچی پولیس نے بتایا کہ ان فہرستوں کی مدد سے گھروں میں لوٹ مار میں ملوث عناصر کے خلاف کارروائیاں مزید تیز کی جائیں گی اور شہریوں کو بھی ملازمین کو نوکری دینے میں احتیاط برتنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

Similar Posts