اسپین میں سوشل میڈیا کی دنیا ایک ہولناک واقعے سے لرز اٹھی، جہاں 37 سالہ معروف اسٹریمر اور انفلوئنسر سرجیو جیمنیز لائیو اسٹریمنگ کے دوران جان کی بازی ہار گئے۔
سوشل میڈیا انفلوئنسر سرجیو نے لائیو نشریات میں آکر دعویٰ کیا کہ اگر ویوورز پیسے دیں تو وہ 6 گرام کوکین اور وسکی کی پوری بوتل پینے کا مظاہر کریں گے۔
بدقسمتی سے ان کے ساتھ لائیو اسٹریمنگ میں جڑے سوشل میڈیا صارفین نے بھی ان کی حوصلہ شکنی کے بجائے یہ چیلنج انجام دینے پر اکسایا۔
کچھ تو ان کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے کچھ رقم آن لائ ٹرانسفر بھی کی۔ یوں انفلوئنسر نے کوکین پیشا شروع کردی۔
بعد ازاں لائیو اسٹریمنگ کے دوران ہی وہسکی کی پوری بوتل بھی پی لیکن اسی وقت ان کی حالت بگڑتی گئی۔ قبل اس کے کہ ایمبولینس پہنچتی وہ دم توڑ گئے۔
انفلوئنسر سرجیو کی والدہ ٹریسا نے روتے ہوئے بتایا کہ رات تقریباً دو بجے وہ باتھ روم جانے کے لیے اٹھیں تو بیٹے کے کمرے کا دروازہ کھلا ہوا تھا۔
ان کے بقول بار بار آواز دینے کے باوجود جب کوئی جواب نہ ملا۔ تو میں نے کمرے میں داخل ہونے کی کوشش کی لیکن فرش پر بکھری اشیاء رکاوٹ بن گئیں۔
انفلوئنسر کی والدہ نے بتایا کہ اندر جھانکنے پر سرجیو بستر کے پاس گھٹنوں کے بل جھکا ہوا نظر آیا، جیسے دعا کر رہا ہو، مگر وہ بے ہوش ہو چکا تھا۔
کمرے سے ایک تقریباً خالی وسکی کی بوتل، انرجی ڈرنکس اور ایک پلیٹ پر منشیات بھی برآمد ہوئیں۔
افسوسناک واقعے کے بعد پولیس نے تحقیقات کا آغاز کر دیا اور لاش کا پوسٹ مارٹم کرایا جا ہا ہے۔
یاد رہے کہ سرجیو جیمنیز کو آن لائن شہرت اس وقت ملی تھی جب وہ ایک اور متنازع اسٹریمر سائمن پیریز کی ویڈیوز میں نظر آئے جو لائیو نشریات میں منشیات کے استعمال کے حوالے سے جانے جاتے ہیں۔
ماہرین کے مطابق ایسے آن لائن چیلنجز نوجوانوں اور کانٹینٹ کریئیٹرز کے لیے جان لیوا رجحان بنتے جا رہے ہیں۔