ایکسپریس نیوز کے مطابق شاہ لطیف ٹاؤن میں مسلح افراد نے لوٹ مار کی دو وارداتیں کیں، لوٹ مار کا شکار بننے والے شہریوں کی موبائل فون س بنائی گئی ویڈیو بھی سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔
ایس ایچ او کا کہنا ہے کہ لوٹ مار کی وارداتوں میں کچھ پراسراریت ہے جس کی مزید چھان بین کی جا رہی ہے۔
ڈسٹرکٹ ملیر کے علاقے شاہ لطیف ٹاؤن کے علاقے میں ڈاکوؤں نے بینک سے رقم نکلوا کر جانے والے شہری سے 5 لاکھ روپے جبکہ دوسری واردات میں ڈاکو شہری سے ڈھائی لاکھ روپے نقد لوٹ کر فرار ہوئے۔
ڈاکوؤں کا 4 رکنی گروہ 2 موٹر سائیکلوں پر سوار تھا، واقعے کے بعد موبائل فون سے بنائی گئی ویڈیو بھی سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی جس میں متاثرین کی جانب سے لٹنے والی نقدی کے حوالے سے بتایا گیا جبکہ لوٹ مار کی وارداتوں کے دوران ڈاکوؤں کی جانب سے فائرنگ بھی کی گئی اور پولیس بھی موقع پر پہنچ گئی تھی۔
اس حوالے سے ایس ایچ او شاہ لطیف ٹاؤن ممتاز مروت نے بتایا کہ جس شہری سے 5 لاکھ روپے کی رقم چھینی گئی ہے وہ بینک سے 10 لاکھ روپے نکلوا کر آیا تھا اور اس نے الزام عائد کیا ہے کہ بینک کا عملہ واردات میں ملوث ہے جس کی مزید چھان بین کی جا رہی ہے اور اس سے واردات دن 2 بجے کے قریب ہوئی ہے جبکہ ویڈیو میں ایک شخص کی جانب سے ڈھائی لاکھ روپے کا دعویٰ کیا جا رہا تھا جبکہ اس نے پولیس کو ڈیڑھ لاکھ روپے بتائے ہیں۔
متاثرہ شہری کا کہنا ہے کہ واردات دن 11 بجے ہوئی تھی اور وہ بھینس فروخت کر کے جا رہا تھا کہ ڈاکو رقم چھین کر فرار ہوگئے۔ ایس ایچ او نے مزید بتایا کہ وارداتوں میں کچھ پراسراریت ہے جس کی پولیس مزید چھان بین کر رہی ہے۔