احد رضا اور سجل علی کا ڈراما ’دھوپ کی دیوار‘ یوٹیوب پر ریلیز، مداحوں میں خوشی کی لہر

جتنی ہی مقبول اتنی ہی غیر یقینی کی شکار شوبز جوڑی احد رضا میر اور سجل علی کو مداح ایک بار پھر ایک ساتھ اسکرین پر دیکھ سکیں گے۔

رومانوی جوڑی احد رضا میر اور سجل علی نے  2017 کے سپرہٹ ڈرامے “یقین کا سفر “ میں ساتھ کام کیا تھا اور اسی دوران دونوں ایک دوسرے کی محبت میں گرفتار ہوگئے۔

دونوں کی کمال کی کیمسٹری کو نہ صرف ڈراموں بلکہ حقیقی زندگی میں پسند کیا گیا جس کے بعد مارچ 2020 میں دونوں کی شادی ہوئی۔

تاہم صرف دو سال بعد ہی ان کے درمیان طلاق کی خبریں سامنے آنے لگی تھیں۔ البتہ نہ تو احد رضا اور نہ سجل علی نے اس کی تصدیق کی ہے۔

یہ جوڑا کسی تقریب میں بھی ایک ساتھ نظر نہیں آتا اور متعدد ساتھی فنکاروں نے دعویٰ کیا ہے کہ ان کے درمیان علیحدگی ہوچکی ہے۔

جوڑے کے اہل خانہ نے بھی طلاق کی خبروں کی کبھی نہ تو کھل کر تردید کی اور نہ ہی تصدیق کی ہے۔ جس سے افواہیں مزید زور پکڑ گئیں۔

تاہم اب ان کے مداحوں کے لیے خوشخبری ہے کہ زی فائیو کے پلیٹ فارم پر دکھائے گئے ان کا ڈراما دھوپ کی دیوار اب یوٹیوب پر ریلیز کر دیا گیا ہے۔

پاک بھارت جنگ کے تناظر میں بنائے گئے اس ڈرامے کو عمیرہ احمد نے تحریر کیا اور حسیب حسن نے ہدایت کاری دی۔ سجلی علی نے مسلمان جب کہ احد نے ہندو لڑکے کا کردار ادا کیا۔

زی فائیو پر دکھائے گئے اس ڈرامے کو پاکستان میں ناظرین دیکھ نہیں پائے تھے لیکن اب “زندگی” کے یوٹیوب چینل پر اس کی پہلا قسط دکھائی جا رہی ہے۔

اس جوڑی کے مداحوں نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ آخرکار ہم دونوں کو ایک ساتھ دوبارہ دیکھ رہے ہیں۔

ایک صارف نے لکھا کہ اس جوڑی کو نظر لگ گئی تھی۔ کسی نے دعا کی کہ دونوں کے درمیان پھر سے محبت کا رشتہ کا قائم ہوجائے۔

 

 

 

Similar Posts